Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایک پوائنٹ ملا وہ بھی پاکستان کی وجہ سے‘، ڈبلیو سی ایل میں انڈین ٹیم سب سے آخر میں

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان اور انڈیا کا میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔ (فوٹو: ڈبلیو سی ایل)
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) 2025 میں انڈین چیمپئنز ٹیم کو سوشل میڈیا پر طنز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اتوار کے روز ڈبلیو سی ایل نے سوشل میڈیا پر لیگ میں حصہ لینے والی ٹیمز کا پوائنٹس ٹیبل شیئر کیا جس میں انڈین چیمپئنز فہرست کے آخر میں نظر آئے۔
واضح رہے انڈین ٹیم ٹورنامنٹ میں اب تک ایک میچ بھی نہیں جیت سکی اور ایک پوائنٹ وہ ہے جو انہیں پاکستان کے خلاف میچ نہ کھیلنے کی بنا پر ملا۔
چند روز قبل انڈین چیمپئنز نے پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کیا تھا جس کی وجہ سے دونوں ٹیمز میں ایک ایک پوائنٹ برابر تقسیم کیا گیا۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق انڈین کھلاڑی شکھر دھون سمیت دیگر نے انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدہ سیاسی تعلقات کے باعث میچ کھیلنے سے انکار کیا جس کے بعد ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز نے معذرت کرتے ہوئے میچ منسوخ کیے جانے کا اعلان کیا تھا۔
جہاں میچ منسوخ ہونے کے بعد پاکستان میں انڈین ٹیم کو ٹرول کیا گیا وہیں اب پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال دیکھتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین انڈین ٹیم پر طنز کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ہرپریت نے لکھا کہ ’انڈین ٹیم اس کی حقدار ہے، انہوں نے پاکستان کے خلاف میچ نہیں کھیلا، بہت اچھا ہوا۔‘

ایک اور صارف نے لکھا کہ ’انڈیا تو رُل گیا ہے، 6-0 کے بعد اب 7-0۔‘

اشر امجد نے کہا کہ ’انڈیا کو ایک پوائنٹ ملا وہ بھی پاکستان کی وجہ سے۔‘

منہاج نے کہا کہ ’انڈیا ایک میچ جیت سکتا تھا وہ بھی بائیکاٹ کر کے رُل گیا۔‘

ریحان نے اپنے کمنٹ میں لکھا کہ ’انڈیا کو ایک پوائنٹ بھی چیٹنگ کر کے ملا ہے۔‘

انڈیا اور پاکستان کے میچ منسوخ ہونے کے بعد خاص طور پر شکھر دھون کی ٹویٹس سوشل میڈیا پر زیر گردش رہیں، اور حالیہ میچ میں ان کی کارکردگی پر صارفین نے ان کے ہی الفاظ استعمال کرتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔

یاد رہے شکھر دھون نے پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کیا تھا اور اس سے قبل اپنی ایکس پوسٹ میں کہا تھا کہ ’جو قدم 11 مئی کو لیا اس پر آج بھی کھڑا ہوں، میرا ملک میرے لیے سب کچھ ہے اور ملک سے بڑھ کر کچھ نہیں ہو سکتا۔‘

شیئر: