Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سام سنگ کی پالیسی میں بڑی تبدیلی، ایس 26 سیریز میں کیا کچھ نیا ہو گا؟

’گلیکسی ایس 26 پرو‘ میں چار ہزار 175 ایم اے ایچ کی بیٹری دی جائے گی (فوٹو: اینڈورائڈ پولیس)
سام سنگ کی ’گلیکسی ایس 26 سیریز‘ کی لانچ میں ابھی چھ ماہ سے زیادہ وقت باقی ہے لیکن اس کے باوجود اس موبائل فون سیریز سے متعلق خبریں سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اس بار موبائل ساز کمپنی ’سام سنگ‘ اپنی روایتی پالیسی میں بڑی تبدیلی لانے جا رہی ہے اور ’گلیکسی ایس 26‘ کے بیس ماڈل اور پلس ماڈلز ختم کر کے صرف ’گلیکسی ایس 26 پرو‘ اور ’گلیکسی ایس 26 ایج‘ متعارف کروائے جائیں گے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ’گلیکسی ایس 26 پرو‘ میں چار ہزار 175 ملی ایمپیئرز آور (ایم اے ایچ) کی بیٹری ہوگی جسے مارکیٹ میں غالباً چار ہزار تین سو ایم اے ایچ کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
یہ بیٹری کا وہی سائز ہے جو متوقع طور پر سام سنگ گلیکسی زیڈ فلپ 7 میں بھی دیا جائے گا۔
’سام سنگ ایس 26 پرو‘ کی بیٹری کی گنجائش اور نام سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ایک کمپیکٹ فلیگ شپ فون ہوگا جو ’آئی فون 16 پرو‘ یا ’گوگل پکسل 9 پرو‘ سے مماثلت رکھتا ہو گا۔ ممکنہ طور پر اس موبائل فون میں 6.4 انچ یا اس سے چھوٹی سکرین دی جائے گی۔
دوسری جانب ’آئی فون 16 پرو‘ میں 6.3 انچ کی سکرین اور تین ہزار 582 ایم اے ایچ کی بیٹری ہے جبکہ ’گوگل پکسل 9 پرو‘ میں بھی سکرین کا سائز اتنا ہی ہے تاہم اس میں چار ہزار 700 ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے۔
’سام سنگ گلیکسی ایس 25‘ میں بھی 6.3 انچ کی سکرین کے ساتھ چار ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری شامل ہے تاہم ’گلیکسی ایس 26 پرو‘ کا سائز ’ایس 25‘ کے قریب یا کچھ زیادہ ہوگا جو سام سنگ کو بڑی بیٹری شامل کرنے کی گنجائش فراہم کرے گا۔
 اس کے علاوہ ’گلیکسی ایس 26 ایج‘ کی بیٹری میں بھی بہتری کی اطلاعات ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ اس میں چار ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری دی جائے گی جسے کمپنی چار ہزار 200 ایم اے ایچ کے طور پر متعارف کروائے گی۔
اگر یہ دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے تو ’گلیکسی ایس 25 ایج‘ کے تین ہزار 900 ایم اے ایچ کے مقابلے میں یہ واضح بہتری ہوگی اور فون کی بیٹری لائف میں اضافہ متوقع ہے۔ اگر ’سام سنگ‘ نے چارجنگ کی کارکردگی کو بہتر نہ بنایا تو یہ فون 24 گھنٹے کے استعمال کے لیے مکمل بیٹری فراہم کرنے میں ناکام ہو سکتا ہے۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ پچھلے ماڈلز کی طرح ’گلیکسی ایس 26 الٹرا‘ میں وہی پانچ ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری ہوگی تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ اس ماڈل میں 60 واٹ کی تیز ترین چارجنگ سپورٹ شامل کی جائے گی جو اب تک کے سب سے تیزی سے چارج ہونے والے گلیکسی فونز میں سے ایک ہوگا۔

 

شیئر: