Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوگل کا پکسل فون صارفین کو 100 ڈالر معاوضہ، پاکستانی افراد رقم کیسے حاصل کریں؟

حال ہی میں بیٹری مسائل کی وجہ سے متعدد Pixel 6A فونز میں آگ لگنے کے واقعات بھی سامنے آئے۔ (فوٹو: آرس ٹیکنیا)
اگر آپ گوگل صارف ہیں اور کمپنی کا پکسل سمارٹ فون بھی استعمال کرتے ہیں تو آپ کو معلوم ہوگا کہ گزشتہ ماہ گوگل نے اپنی Pixel 6a ڈیوائسز میں بیٹری سے متعلق سامنے آنے والے خطرناک مسئلے کو باضابطہ طور پر تسلیم کرتے ہوئے ایک نیاBattery Performance Program  متعارف کرایا تھا۔
اس پروگرام کے تحت دنیا بھر میں متاثرہ صارفین کو مختلف آپشنز دیے جا رہے ہیں جن میں بیٹری کی مفت تبدیلی، کیش ادائیگی یا گوگل سٹور کے لیے ڈسکاؤنٹ کوڈ شامل ہیں۔
گوگل کے مطابق کچھ Pixel 6a فونز تقریباً 400 چارج سائیکل مکمل کرنے کے بعد زیادہ گرم ہو سکتے ہیں جو کہ ممکنہ طور پر سیفٹی رسک بنتا ہے۔
۰کمپنی کا کہنا ہے کہ جیسے ہی کسی فون نے 375 سائیکل مکمل کیے تو صارفین کو اپ ڈیٹ کے ذریعے الرٹ کیا جائے گا۔ اس کے بعد چارجنگ کی رفتار اور بیٹری کی گنجائش کو کم کر دیا جائے گا تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔
ٹیک ویب سائٹ فون ورلڈ کی ایک رپورٹ کے مطابق 8 جولائی  سے متاثرہ ڈیوائسز کو اینڈرائیڈ 16 کا ایک لازمی سافٹ ویئر اپڈیٹ ملنا شروع ہوا جس نے بیٹری مینجمنٹ کے نئے اقدامات کو فعال کیا۔

گوگل کن مخصوص صارفین کو رقم دے رہا ہے اور کیوں؟

اب مسئلہ یہ ہے کہ سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے ذریعے بیٹری کو نقصان سے بچایا تو جا سکتا ہے لیکن اس دوران بیٹری کو ایک طرح سے کمزور بھی کر دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے صارف کو فون کے بیٹری ٹائم میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں مک سکتی ہے، یعنی فون کا بیٹری ٹائم کم ہو جاتا ہے۔
اس مسئلے کے حل کے لیے گوگل نے اپنے صارفین کو تین آپشنز دیے ہیں۔ ایک یہ کہ وہ گوگل سٹورز سے مفت بیٹری تبدیل کروا سکتے ہیں، دوسرے اور تیسرے آپشن میں صارف 100 ڈالر کی کیش پیمنٹ یا 150 ڈالرز کا گوگل سٹور کریڈیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
کیش پیمنٹ گوگل کی جانب سے پیونیئر اکاؤنٹ میں حاصل کی جا سکتی ہے جبکہ 150 کا دیا گیا گوگل کریڈیٹ صارف اپنے اگلے پکسل فون کی خریداری میں ڈسکاؤنٹ کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
سوال یہ سامنے آتا ہے کہ پاکستان جیسے ممالک، جہاں گوگل کی جانب سے نہ کوئی سروس سینٹر ہے اور نہ میل-ان آپشن، وہاں صارفین کو آخری دو آپشنز دیے گئے ہیں۔
یاد رہے ان دونوں میں سے صرف ایک آپشن منتخب کیا جا سکتا ہے، اور یہ دعویٰ 8 جولائی 2026 سے پہلے مکمل کرنا ضروری ہے۔

اس آفر کی اہلیت کیسے چیک کریں؟

اگر آپ کے پاس Pixel 6a فون ہے تو آپ گوگل کی آفیشل ویب سائٹ پر جا کر اپنی ڈیوائس کا IMEI نمبر درج کر کے چیک کر سکتے ہیں کہ آیا آپ کی ڈیوائس ’متاثرہ فونز‘  کی فہرست میں شامل ہے یا نہیں۔
ویب سائٹ 9 ٹو 5 گوگل کے مطابق گوگل نے اس عمل کو انتہائی آسان بنایا ہے۔ آپ کو خریداری کی رسید کی ضرورت نہیں ہوگی، لیکن یہ چیک کیا جائے گا کہ جو گوگل اکاؤنٹ اس ڈیوائس میں لاگ ان ہے وہی اکاؤنٹ کلیم فارم پر بھی موجود ہو۔
گوگل نے واضح کیا ہے کہ یہ پروگرام صرف Pixel 6a ڈیوائسز کے لیے ہے۔ دیگر ماڈلز جیسے Pixel 6 یا Pixel 6 Pro بیٹرے کے مسائل سے محفوظ ہیں اور ان کے لیے کوئی بیٹری اپڈیٹ نہیں آئے گا۔
پاکستان جیسے ملک میں جہاں سمارٹ فونز مہنگے اور آفیشل سپورٹ محدود ہے، گوگل کی یہ پیشکش ایک بڑا ریلیف بن سکتی ہے۔ اگر آپ نے Pixel 6a  جولائی 2025 سے پہلے خریدا ہے اور بیٹری میں کمی محسوس کر رہے ہیں، تو آپ گوگل سے ری فنڈ حاصل کر سکتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر پاکستان گوگل پکسل  کے صارفین کا ایک کمیونٹی گروپ ہے جس میں ایک صارف نے ثبوت کے طور پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بیٹری پروگرام کے تحت کلیم دائر کرنے کے 20 دن بعد انہیں گوگل کی جانب سے 100  ڈالر کی رقم پیونیئر اکاؤنٹ میں موصول ہوئی ہے۔

پوسٹ کے نیچے کمنٹ میں کسی صارف نے پوچھا کہ آیا ان کا فون پی ٹی اے سے الحاق شدہ ہے جس پر پوسٹ کرنے والے صارف نے جواب دیا کہ ان کا فون پی ٹی اے اپرووڈ نہیں تھا۔

ایک صارف نے اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کا کلیم مسترد کر دیا گیا ہے، جب ان سے کسی نے دریافت کیا کہ ان کا فون CPID ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ ہاں۔

تاہم اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ فون نون پی ٹی اے بھی ہو تو بیٹری کلیم کی رقم موصول ہو سکتی ہے صرف شرط یہ کہ فون کلونڈ یا سی پی آئی ڈی نہ ہو۔ کیونکہ سی پی آئی ڈی فونز میں آئی ایم ای آئی کلونڈ یا پیچ کیے جاتے ہیں اور یہ غیرقانونی عمل بھی سمجھا جاتا ہے۔

شیئر: