Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایک ہزار فولوورز اور پبلک اکاؤنٹ کی شرط‘، انسٹاگرام نے صارفین سے اہم فیچر چھین لیا

نئی پالیسی سے قبل کوئی بھی صارف انسٹاگرام پر لائیو جا سکتا تھا۔ (فوٹو: Boca Live)
میٹا کے ذیلی سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام نے اپنے صارفین کے لیے لائیو فیچر میں اہم تبدیلی کر دی ہے۔
ویب سائٹ ٹیک کرنچ کے مطابق انسٹاگرام کی نئی پالیسی کے تحت اب پروائیویٹ اکاؤنٹس اور ایک ہزار سے کم فولوورز والے صارفین اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے لائیو نہیں جا سکیں گے۔
انسٹاگرام صارفین کے لیے اب لائیو جانے کے لیے ضروری ہے کہ ان کا اکاؤنٹ پبلک ہو اور ان کے کم از کم ایک ہزار فولوورز ہوں، اس بات کی تصدیق انسٹاگرام نے ٹیک کرنچ کو کی ہے۔
تاحال انسٹاگرام پر کوئی بھی صارف لائیو جا سکتا ہے، چاہے ان کے فولوورز کی تعداد کچھ بھی ہو اور اکاؤنٹ پرائیویٹ ہو یا پبلک۔
یہ فیصلہ ان صارفین کے لیے مایوس کن ہوگا جن کے فولوورز ایک ہزار سے کم ہیں، خاص طور پر وہ چھوٹے کریئیٹرز جو پلیٹ فارم پر اپنا کانٹینٹ شیئر کرتے تھے، یا وہ عام صارفین جو صرف تفریح کے لیے اپنے دوستوں کے ساتھ لائیو آنا پسند کرتے تھے۔
جن صارفین کے اکاؤنٹس پبلک نہیں ہیں اور جن کے فالوورز ایک ہزار سے کم ہیں، انہیں اب لائیو جانے کی کوشش پر ایک نیا پیغام نظر آئے گا جس میں کہا جائے گا کہ ’آپ کا اکاؤنٹ اب لائیو کے لیے اہل نہیں ہے۔ ہم نے اس فیچر کے استعمال کی شرائط تبدیل کر دی ہیں۔ اب صرف پبلک اکاؤنٹس جن کے فولوورز ایک ہزار یا اس سے زیادہ ہوں گے وہی لائیو ویڈیوز بنا سکیں گے۔‘

اس تبدیلی پر بہت سے صارفین نے سوشل میڈیا پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے اور بعض نے مطالبہ کیا ہے کہ اس فیصلے کو واپس لیا جائے۔
یہ تبدیلی انسٹاگرام کے لائیو فیچر کو ٹک ٹاک کے قریب لے آتی ہے کیونکہ ٹک ٹاک پر بھی لائیو جانے کے لیے کم از کم ایک ہزار فولوورز کی شرط ہے۔ اس کے برعکس، یوٹیوب صرف 50 سبسکرائبرز پر لائیو کی اجازت دے دیتا ہے۔
اگرچہ انسٹاگرام نے اس تبدیلی کی کوئی خاص وجہ نہیں بتائی، مگر کمپنی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ’مجموعی طور پر لائیو ویڈیوز کے دیکھنے کے تجربے کو بہتر بنانا ہے۔‘
یہ نیا اصول ممکنہ طور پر ہلکے معیار کی لائیو ویڈیوز کو کم کر سکتا ہے، کیونکہ اب صرف وہی صارفین لائیو جا سکیں گے جن کے پاس پہلے سے ایک مستحکم آڈیئنس موجود ہو۔
یہ اقدام میٹا (Meta) کے لیے اخراجات بچانے کا ایک طریقہ بھی ہو سکتا ہے۔ چونکہ لائیو سٹریمز کو ہوسٹ کرنا مہنگا پڑتا ہے، ہو سکتا ہے کہ میٹا نے فیصلہ کیا ہو کہ وہ ان نشریات کی حمایت نہ کرے جنہیں دیکھنے والے بہت کم ہوتے ہیں۔
اگرچہ اس بات کا کوئی باضابطہ ڈیٹا موجود نہیں کہ کتنے انسٹاگرام صارفین کے فولوورز ایک ہزار سے زیادہ ہیں، مگر اندازوں کے مطابق صرف 13 سے 26 فیصد صارفین اس حد پر پورے اُترتے ہیں۔ کمپنیاں اکثر ان اعداد و شمار سے اختلاف کرتی ہیں، مگر کوئی متبادل تفصیل فراہم نہیں کرتیں۔
عملی طور پر اس کا مطلب یہ ہے کہ انسٹاگرام کے تقریباً دو ارب صارفین میں سے لگ بھگ 1.7 ارب افراد اب لائیو فیچر استعمال نہیں کر سکیں گے۔
انسٹاگرام نے سنہ 2016 میں اپنا لائیو فیچر متعارف کروایا تھا، جو ہر قسم کے صارفین کے لیے دستیاب تھا۔

 

شیئر: