امارات میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پرانے زیورات فروخت کرنے کا رجحان
2 ہفتوں میں فی گرام سونے کے نرخوں میں ساڑھے 7 درھم کا اضافہ ہوچکا۔ (فوٹو الامارات الیوم)
دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹ میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گزشتہ ہفتے کے اختتام پر مختلف قیراط کے سونے کی قیمتوں میں 3.25 درھم سے 4.25 درھم تک کا اضافہ ہوچکا۔ 2 ہفتوں کے دوران فی گرام سونے کے نرخوں میں ساڑھے 7 درھم کا اضافہ ہوا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق گزشتہ ہفتے 24 قیراط ایک گرام کے نرخ 409.5 درھم تھے جس میں 4.25 درھم کا اضافہ ہوا ۔ 22 قیراط کے نرخ 4 درھم کا اضافے کے بعد 379.25 درھم ہوگئے۔
21 قیراط ایک گرام کے نرخ 3.75 درھم کے اضافے کے بعد 363.75 درھم اور 18 قیراط ایک گرام کے نرخ 311.75 درھم رہے جس میں 3.25 درھم کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
گولڈ شوروم کے ایک سیلز مینجر کا کہنا تھا کہ سونے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد مارکیٹ میں خریداری کی رفتار میں مزید کمی آئی ہے۔
ایک گولڈ شاپ کے سیلزمین کا کہنا تھا کسٹمر سونے کی قیمت میں اضافے کے بعد صرف ضرورت کے تحت ہی خریداری کو ترجیح دے رہے ہیں۔ کچھ قیمت میں اضافے کے باعث پرانے زیورات فروخت کررہے ہیں۔
ایک جیولری شوروم کے سیلز مینجر نے بتایا کہ قیمتوں میں حالیہ اضافے نے کسٹمرز کو محتاط رہنے پر مجبور کردیا ہے۔
مارکیٹ ان دنوں سست روی کا شکار ہے۔ لوگ پرانے ڈیزائن کے زیورات اور دیگر اشیا فروخت کررہے ہیں تاکہ آئندہ قیمتیں کم ہونے پر وہ نئے ڈیزائن کے زیورات اور خرید سکیں۔
