ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں 202 رنز سے ہرا کر تین میچوں پر مشتمل سیریز 1-2 سے جیت لی ہے۔
منگل کو ٹرینیڈاد اینڈ ٹوباگو کے برائن لارا کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم 295 رنز کے تعاقب میں صرف 92 رنز ہی بنا سکی اور 202 رنز کے بڑے مارجن سے یہ میچ ہار گئی۔
پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے سب سے زیادہ رنز بنائے۔ گداکیش موتی نے اپنی ہی بال پر اُن کا کیچ لیا۔
بابر اعظم ایک بار پر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف نو رنز بنانے کے بعد جیڈن سیلز کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
حسن نواز بھی صرف 13 رنز بنانے کے بعد گداکیش موتی کی گیند پر سٹمپ ہوگئے۔
اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف 294 رنز بنائے تھے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شائے ہوپ نے ناقابل شکست رہتے ہوئے سینچری سکور کی، انہوں نے 94 گیندوں پر پانچ چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنائے۔
ایون لیوائس نے 37 جبکہ روسٹن چیز نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈین بیٹرز نے نسیم شاہ کے 10 اوورز میں 72 جبکہ حسن علی کے 10 اوورز میں 60 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور ابرار احمد نے 2، 2 جبکہ صائم ایوب اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے ہرا کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی تھی۔