ویسٹ انڈیز کے خلاف فیصلہ کن میچ، پاکستان پانچویں بولر کے انتخاب کی کشمکش میں مبتلا
پیر 11 اگست 2025 11:37
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ون ڈے سیریز ایک، ایک سے برابر ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹیم کے پانچویں بولر سے متعلق پریشانی کا اعتراف کیا ہے۔
رؤئٹرز کے مطابق محمد رضوان کا کہنا ہے کہ وہ دوسرے ون ڈے میں شکست کے بعد منگل کو ہونے والے سیریز کے فیصلہ کن میچ کے لیے ٹیم کامبینیشن کا حتمی فیصلہ تاخیر سے کریں گے۔
پاکستان نے پہلا ون ڈے پانچ وکٹ سے جیتا تھا۔ دوسرا میچ بارش سے متاثر ہونے کے بعد 37 اوورز تک محدود کر دیا گیا جس میں گرین شرٹس نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز نے پانچ وکٹ سے کامیابی حاصل کرکے تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی۔
پاکستان کے بولرز صائم ایوب اور سلمان آغا نے مجموعی طور پر 7 اوورز میں 66 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے، جس کے بعد ویسٹ انڈیز نے آسانی سے ہدف حاصل کر لیا۔
محمد رضوان نے میچ کے بعد کہا کہ ’آپ یہ کہہ سکتے ہیں کہ ہمارے پانچویں بولر نے زیادہ رنز دے دیے، لیکن پچھلے چند برسوں میں سلمان آغا اور صائم ایوب دونوں نے ہمارے لیے اچھی بولنگ کی ہے۔ آج صائم کا دن اچھا نہیں تھا، مگر اس نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھائی تھی۔ یہ کھیل کا حصہ ہے۔‘
رضوان کا کہنا تھا کہ وہ حالات کو درست طور پر سمجھ نہیں پائے اور بارش کے وقفوں نے بھی مشکلات پیدا کیں۔
انہوں نے مزید کہا ’سچ کہوں تو موسم کی پیشگوئی بالکل توقعات سے مختلف رہی، اور حالات کو سمجھنا مشکل تھا۔ ہم اپنے تمام آپشنز کھلے رکھے ہوئے ہیں اور کنڈیشنز دیکھ کر فائنل الیون کا فیصلہ کریں گے۔‘
اس سے قبل پاکستان ٹی ٹوئنٹی سیریز 1-2 سے جیت چکا ہے۔
