سعودی قیادت کی پاکستان میں بارش اور سیلاب سے اموات پر تعزیت
شاہ سلمان اور ولی عہد نے صدر زرداری کو تعزیتی پیغامات بھیجے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی قیادت نے پاکستان کے شمال میں سیلاب کے نتیجے میں اموات پر صدر آصف علی زرداری کو تعزیتی پیغامات بھیجے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے اچانک سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 344 ہوگئی ہے جبکہ 150 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔
پاکستانی امدادی کارکنوں نے گھروں کو ملبے سے نکالنے کا کام جاری رکھا، موسلا دھار بارشوں کے باعث سیلاب، پانی کی سطح میں اضافہ اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے، جنہوں نے پورے دیہات بہا دیے اور کئی رہائشی مکانات ملبے تلے دب گئے۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبداالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں صدر آصف علی زرداری، متاثرین کے اہل خانہ اور پاکستان کے عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
زخمیوں کی جلد صحت یابی، لاپتہ افراد کی بحفاظت واپسی کی خواہش اظہار کیا اور دعا کی اللہ پاکستان اور اس کے عوام کو ہر قسم کے نقصان سے محفوظ رکھے۔
اس سے قبل سعودی وزارت خارجہ نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں سیلاب اور طوفانی بارش سے اموات پر حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
وزارت خارجہ نے ایک بیان میں حکومت پاکستان اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کے ساتھ اس درد ناک واقعہ پر اظہار یکجتہی کیا۔