متحدہ عرب امارات نے جمہوریہ مونٹی نیگرو کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں شمولیت کےلیے ایک فائر فائٹنگ طیارہ روانہ کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق اماراتی ٹیم موٹنی نیگرو کے متعدد علاقوں میں آگ پر کنٹرول کے لیے کام کر رہی ہے۔
فائر فائٹنگ طیارہ پیر کو ابوظبی سے پوڈ گوریکا کے لیے ضروری آلات اور سپلائز لے کر روانہ ہوا تھا۔

یہ اقدام جنگلات کی آگ سے ہونے والی تباہی سے نمنٹے میں امارات کی قیادت اور حکومت کی مونٹی نیگرو کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ہے۔
علاوہ ازیں اماراتی ریسکیو ٹیم البانیا میں بھی پھیلی جنگلاتی آگ پر قابو پانے کے لیے کام کررہی ہے۔ ریسکیو ٹیم نے اب تک دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹروں کے ذریعے 19 خصوصی پروازیں مکمل کی ہیں۔
اس دوران آگ سے متاثرہ مختلف مقامات پر 406 مرتبہ پانی ڈالا گیا، جس میں سات لاکھ کلوگرام سے زیادہ پانی استعمال ہوا۔ اس سے آگ کو بڑی حد تک قابو میں رکھنے اور اس کے پھیلاؤ کو محدود کرنے میں کامیابی ملی ہے۔
اماراتی ٹیم اور البانوی حکام کے درمیان رابطہ ہے۔ ان علاقوں کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے جہاں آگ پر قابو پایا جا چکا ہے۔