انڈیا کی پنجابی فلموں کے اداکار مشہور مزاحیہ جسویندر سنگھ بھلا 65 برس کی عمر میں چل بسے ہیں۔
اخبار ’دی ہندو‘ کی رپورٹ کے مطابق جمعے کی صبح اداکار کے اہلخانہ نے موہالی کے ایک ہسپتال میں اُن کی موت کی تصدیق کی۔
اہلخانہ کے مطابق جسویندر سنگھ بھلا کو طبیعت ناساز ہونے پر ہسپتال لایا گیا تھا جہاں وہ کچھ دیر بعد چل بسے۔
کینیڈا میں بننے والی پنجابی فلموں میں اپنے طنز و مزاح اور ذہانت کے لیے جانے جانے والے اداکار بھلا کی موت پر انڈیا کے سیاسی رہنماؤں اور فلم انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے۔
انڈین ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اداکار بھلا کی میت موہالی کے فورٹس ہسپتال میں رکھی گئی ہے۔ اور ان کی آخری رسومات سنیچر کو بلونگی میں ہوں گی۔
جسویندر سنگھ بھلا کی آخری رسومات میں پنجابی فلم انڈسٹری سے وابستہ ان کے بہت سے ساتھیوں کی شرکت متوقع ہے۔