Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین ڈرائیور کی غفلت سے حادثہ، امریکہ میں غیرملکی ٹرک ڈائیوروں کے ویزوں پر پابندی

امریکہ میں سات لاکھ 20 ہزار سے غیر ملکی ٹرک ڈائیورز ہیں (فائل فوٹو: سکرول ان)
انڈین ٹرک ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں تین افراد کی موت کے بعد امریکہ نے غیرملکی ٹرک ڈرائیوروں کے لیے ویزوں کے اجرا پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔
خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق جمعرات کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایکس پر اعلان کیا کہ ’آج سے غیرملکی کمرشل ٹرک ڈرائیوروں کے لیے ورک ویزوں کا اجرا روک دیا گیا ہے۔‘
’غیرملکی ڈرائیوروں کی بڑھتی ہوئی تعداد امریکی سڑکوں پر لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہے اور مقامی ڈرائیوروں کے روزگار کو متاثر کر رہی ہے۔‘
رپورٹ کے مطابق انڈین شہری ٹرک ڈرائیور ہرجندر سنگھ نے ہائی وے پر ڈرائیونگ کے دوران غلط یوٹرن لیا۔ ڈائیور کی اس غفلت کی وجہ سے گاڑیاں ٹکرا گئیں اور تین شہری ہلاک ہو گئے۔
ڈرائیور ہرجندر سنگھ غیرقانونی طور پر میکسیکو کے راستے امریکہ میں داخل ہوا تھا جبکہ حادثے کے بعد انگریزی زبان کا ٹیسٹ پاس کرنے میں بھی ناکام رہا۔
یہ کیس اس قدر میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا رہا کہ ری پبلکن حکام نے اسے سیاسی مسئلہ بنا دیا۔ حتی کہ ریاست فلوریڈا کی نائب گورنر خود امیگریشن ایجنٹس کے ہمراہ کیلیفورنیا گئیں تاکہ ملزم ہرجندر سنگھ کو تحویل میں لے سکیں۔
ملزم ڈرائیور نے ڈیموکریٹک پارٹی کی زیرِقیادت ریاست کیلیفورنیا سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا تھا۔ یہ بات سامنے آنے کے بعد صدر ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے  ڈیموکریٹ ریاستی حکومت پر تنقید میں مزید اضافہ ہوا۔
ٹرمپ حامیوں نے الزام لگایا کہ کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزم اس حادثے کے ذمہ دار ہیں کیونکہ ان کی ریاست نے ہرجندر سنگھ کو لائسنس جاری کیا۔ گورنر آفس نے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہرجندر سنگھ کو ورک پرمٹ جاری کیا تھا جبکہ کیلیفورینا ریاست نے اس گرفتاری میں مکمل تعاون کیا۔
اس حادثے سے پہلے بھی ری پبلکن قانون ساز غیرملکی ڈرائیوروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں بڑھتے ہوئے حادثات کی وجہ قرار دیتے رہے ہیں۔
رواں برس جون میں وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے ہدایت جاری کی تھی کہ ٹرک ڈرائیوروں کے لیے انگریزی زبان جاننا لازمی شرط ہے۔
امریکہ میں کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کے لیے امتحان میں طویل عرصے سے زبان کی بنیادی سمجھ بوجھ، مثلاً سڑک کے اشاروں کی پہچان وغیرہ شامل رہی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں غیرملکی ڈرائیوروں کی تعداد سنہ 2000 سے 2021 کے درمیان دو گنا ہو کر سات لاکھ 20 ہزار تک پہنچ گئی ہے جو ٹرک ڈرائیونگ کی مجموعی صنعت کا 18 فیصد ہیں۔ یہ تناسب امریکی لیبر مارکیٹ کے مطابق تو ہے لیکن اس کو ٹرک ڈرائیونگ جیسے شعبے کے لیے غیرمعمولی اس وجہ سے سمجھا جا رہا ہے کیونکہ روایتی طور پر یہ سفید فام ورکنگ کلاس کی ملازمت ہے۔
غیرملکی ڈرائیوروں میں نصف سے زیادہ ڈرائیور لاطینی امریکہ سے ہیں جبکہ حالیہ برسوں میں انڈیا اور مشرقی یورپی ممالک خصوصاً یوکرین سے بھی بڑی تعداد شامل ہوئی ہے۔

شیئر: