سعودی عرب میں رواں ساال گرد وغبار کے طوفانوں میں 53 فیصد کمی
مختلف علاقوں میں 10 ارب پودے و درخت لگانے کا ہدف ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں جنوری سے جولائی 2025 کے درمیان گرد اور ریت کے طوفانوں میں اسی مدت کی سابقہ اوسط کے مقابلے میں 53 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
مملکت کے ریجنل سینٹرفار ڈسٹ اینڈ سینڈ سٹروم کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹرجمعان القحطانی نے بتایا ریکارڈ کردہ اعداد وشمار سے رواں سال کے پہلے سات ماہ میں مختلف سطحوں پر کمی دیکھی گئی ہے۔
جنوری میں 80 فیصد، فروری میں 40 فیصد، مارچ میں 75 فیصد، اپریل میں 41 فیصد، مئی میں 40 فیصد، جون میں 59 فیصد اور جولائی میں 41 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے اس کمی کی وجہ قومی ماحولیاتی اقدامات کو قرار دیا جس میں سعودی گرین انیشیٹو، کلاوڈ سیڈنگ پروگرام، سبزے کا تحفظ، نباتاتی پودوں کا پروجیکٹ اور ماحولیاتی تحفظ کے نظام میں رائل ریزروز کا کردار شامل ہے۔
انہوں نے بعض مثبت موسمیاتی تبدیلیوں کا بھی ذکر کیا جس نے ہوا کے معیار کو بہتر بنایا اور گرد و غبار کے ذرائع کو کم کیا ہے۔
یاد رہے گرین سعودی انیشیٹو کے تحت مملکت مختلف علاقوں میں 10 ارب پودے و درخت لگانے کا ہدف ہے جس سے کاربن کے اخراج میں نمایاں کمی ہو گی۔
