Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ 2025 کے شیڈول کا اعلان، پاکستان اور انڈیا کا ٹاکرا 14 ستمبر کو ہوگا

ایشیا کپ میں کُل آٹھ ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ایشیئن کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے تصدیق کی ہے کہ ایشیا کپ مینز 2025 متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں نو سے 28 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق ایشیا کپ کا یہ ایڈیشن ٹی20 فارمیٹ میں ہوگا جس میں کل آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔
ان آٹھ ٹیموں میں پاکستان، افغانستان، بنگلہ دیش، انڈیا، اور سری لنکا کے علاوہ متحدہ عرب امارات، عمان اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔
محسن نقوی کی جانب سے ایکس پر پوسٹ کیے گئے شیڈول کے مطابق گروپ سٹیج میں کُل 12 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ انڈیا اور پاکستان 14 ستمبر کو مدمقابل ہوں گے۔
اس کے علاوہ انڈیا اور پاکستان کے سُپر فور مرحلے اور پھر فائنل میں آمنے سامنے آنے کا امکان ہو سکتا ہے۔
پاکستان 12 ستمبر کو عمان کے خلاف اور 17 ستمبر کو متحدہ امارات کے خلاف گروپ میچ کھیلے گا۔ ایونٹ کا فائنل 28 ستمبر کو شیڈول ہے۔
گذشتہ ہفتے ڈھاکہ میں ہونے والے اے سی سی کے سالانہ اجلاس میں ایشیا کپ 2025 اہم ایجنڈا رہا تھا۔
رواں برس مئی میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے بعد اس ایونٹ کے انعقاد پر سوالیہ نشان تھے تاہم اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں محسن نقوی نے ایونٹ کے انعقاد پر اطمینان ظاہر کیا تھا البتہ انہوں نے اس وقت تاریخوں اور مقام کی باقاعدہ تصدیق نہیں کی تھی۔
ایشیا کپ 2025 ایڈیشن کا باضابطہ میزبان انڈیا ہے تاہم انڈیا اور پاکستان کے کرکٹ بورڈز کے درمیان چیمپئنز ٹرافی سے قبل ایک معاہدہ طے پایا تھا۔ اس معاہدے کے تحت آئندہ تین برس تک دونوں ممالک میں منعقد ہونے والے ایونٹس میں دونوں ممالک ایک دوسرے کو غیر جانبدار مقام فراہم کریں گے۔
یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا میزبان پاکستان تھا لیکن اس معاہدے کے تحت انڈیا نے پاکستان کے خلاف میچ سمیت چیمپئنز ٹرافی کے تمام میچز دبئی میں کھیلے تھے اور فائنل میچ بھی دبئی میں ہی جیتا تھا۔
اگرچہ ایشیا کپ کی تاریخ میں کبھی انڈیا اور پاکستان کے درمیان فائنل نہیں ہوا لیکن دونوں ممالک کے درمیان میچز ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ مالی فائدے والے مقابلے  ثابت ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ انڈیا ایشیا کپ 2023 کا دفاعی چیمپئن ہے جہاں اس نے فائنل میں سری لنکا کو شکست دی تھی جبکہ سنہ 2022 کے ایشیا کپ میں سری لنکا نے پاکستان کو فائنل میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

شیئر: