سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکزغزہ کی پٹی میں عوامی ریلیف کے ایک حصے کے طور پر غزہ کے ہزاروں فلسیطنی خاندانوں میں فوڈ باسکٹس کی تقسیم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی سینٹر فارکلچر اینڈ ہیریٹج جوغزہ کی پٹی میں شاہ سلمان مرکز کا ایگزیکٹیو پارٹنر ہے، نے فلسطینی خاندانوں میں ہزاروں فوڈ باسکٹس تقسیم کی ہیں۔

خواتین کی زیرسرپرستی خاندانوں اور پانچ افراد سے زیادہ افراد والے بڑے خاندانوں کو ترجیح دینے کے ساتھ ضرورت مند گروپوں تک امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کی گئی۔
یہ اقدام سعودی عرب کی طرف سے غزہ کے رہائشیوں کے لیے جو شدید مصائب کا شکار ہیں خصوصا فوڈ سکیورٹی کے شعبے میں امداد کی فراہمی کی کوششوں کا حصہ ہے۔
امداد سے مستفید ہونے والے فلسطینی خاندانوں نے سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ’ غزہ کی موجودہ سخت صورتحال میں امدادی سامان ایک لائف لائن ہے۔‘

واضح رہے اقوام متحدہ کی زیرِسرپرستی ادارے ’انٹیگریٹڈ فوڈ سکیورٹی فیز کلاسیفکیشن‘ (آئی پی سی) نے پہلی مرتبہ مشرق وسطیٰ میں قحط کی تصدیق کی ہے اس کا کہنا ہے بھوک، جنگ اور امداد کی ناکہ بندی کی وجہ سے خوراک کی شدید کمی ہوگئی ہے۔
غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے کےلیے سعودی امدادی ایجنسی نے فضائی اور بحری امدادی پل قائم کیے۔ ان کے ذریعے 7 ہزار 180 ٹن سے زیادہ امداد کے علاوہ 20 ایمبولینسں فراہم کیں۔