مکہ مکرمہ میں انٹرنیشنل سیرت نمائش، نائب گورنر نے افتتاح کیا
’نمائش میں نبوی زمانے کا مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ سعود بن مشعل بن عبد العزیز نے مکہ مکرمہ کے کلاک ٹاور میں سیرتِ نبوی اور اسلامی تہذیب کے بین الاقوامی نمائش و میوزیم کا افتتاح کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سیرت نمائش اور میوزیم رابط عالم اسلامی کی نگرانی اور مکہ مکرمہ و مشاعر مقدسہ رائل اتھارٹی کے تعاون سے منعقد ہورہا ہے۔
افتتاحی تقریب کے دوران نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ سعود بن مشعل بن عبد العزیزنے نمائش کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا جو وزٹروں کو جدید بصری و ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے سیرتِ نبوی اور اسلامی تہذیب سے متعلق ایک جامع علمی تجربہ فراہم کرتی ہیں۔
نمائش میں خصوصی طور پر نبوی زمانے کا مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور حجرہ نبوی کے علاوہ طب نبوی اور رسول اکرمﷺ کے یومیہ معمولات کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں۔