Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سن سپاٹس‘ چاند اور مریخ کی قربت: ستاروں کے شوقین دو نایاب ایونٹس سے لطف اندوز

حدودِ شمالیہ میں مناظرِ فلکی کے شوقین افراد کو یہ واضح نظر آئے (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے حدودِ شمالیہ ریجن میں منگل کی شام فلکی ہیئت کے دو بڑے مظاہرے دیکھنے کو ملے جن میں ایک چاند اور مریخ کے ساتھ ’کائی ورجن‘ سٹار کا حیرت انگیز امتزاج تھا۔ دوسرا فلکی نظارہ، سورج کی سطح پر ابھرنے والے بڑے بڑے دھبے تھے جنھیں ’سن سپاٹس‘ کہا جاتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق چاند اور مریخ کا ایکدوسرے کے قریب نظر آنا (مقترن ہونا)، حدودِ شمالیہ میں ایسے مناظرِ فلکی کے شوقین افراد کو واضح نظر آیا۔
اس موقع پر آسمان بھی صاف تھا لہذا فلکی نظاروں کو کیمروں میں قید کرنے والوں کے لیے حالات سازگار تھے۔ چاند کے ساتھ مریخ اپنے سُرخی اور نارنجی رنگ کی جھلک دکھاتے ہوئے آسانی سے قابلِ شناخت تھا۔
سپیس اینڈ آسٹرونومی کلب کے رکن عدنان خلفیہ نے بتایا کہ ’کائی ورجنز‘، برجِ سنبلہ میں ستاروں کی ایک خاص وضع کو کہتے ہیں۔ منگل کی شام چاند، ’کائی ورجنز سٹار‘ کے عین اوپر مریخ کے ساتھ سیدھ میں دکھائی دے رہا تھا۔
دوسرے نظارۂ فلکی میں منگل کو سورج کی سطح پر کئی بڑے بڑے دھبے دکھائی دیے جن کا رنگ گہرا تھا لیکن ان میں بہت چمک تھی۔
یہ اس سال ریکارڈ کیے جانے والے ’سن سپاٹس‘ میں اب تک سب سے بڑے دھبے ہیں۔ ان میں سے ہر ایک دھبہ دسیوں ہزار کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے۔ ان دھبوں کو چھوٹی دُوربین سے دیکھا جا سکتا تھا۔
ماہرینِ فلکیات کہتے ہیں کہ ان دھبوں کا مطالعہ، سورج کے 11 برس کے دور کو سمجھنے کے لیے انتہائی ضروری ہے کیونکہ اسی سائیکل سے سورج پر ہونے والی تبدیلیوں اور غیر معمولی بے قاعدگیوں کی چال درست ہوتی ہے۔
سن سپاٹس‘، آفتابی شعلوں کو ہوا دے سکتے ہیں اور جیو میگنیٹک طوفانوں کا سبب بنتے ہیں جن سے سیٹلائٹ نیویگیشن اور مواصلاتی نظام متاثر ہو سکتا ہے۔

 

شیئر: