Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

30 روپے کے جھگڑے پر دو بھائیوں کو قتل کرنے والے ملزم ’پولیس مقابلے‘ میں ہلاک

صوبہ پنجاب کے علاقے رائیونڈ میں 30 روپے کے جھگڑے پر دو بھائیوں کو قتل کرنے والے ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
جمعرات کو کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملزمان کو چھڑوانے کے لیے ان کے ساتھیوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کی، پولیس مقابلے میں دونوں مرکزی ملزم اویس اور شہزاد ہلاک ہو گئے۔
لاہور کے نواحی علاقے رائیونڈ میں ایک معمولی تنازع پر پیش آنے والے واقعے میں دو سگے بھائیوں راشد اور واجد کی جان چلی گئی تھی۔
یہ واقعہ 21 اگست کو پیش آیا تھا جب 30 روپے کی ادائیگی پر پھل فروشوں اور خریداروں کے درمیان جھگڑا اس قدر بڑھ گیا کہ ملزمان نے بھائیوں کو تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا۔ 
پولیس کے مطابق مقتولین کا تعلق موضع رتی پنڈی سے تھا۔ 25 سالہ راشد اور 22 سالہ واجد نامی یہ دو بھائی لاہور سے اپنے گھر واپس جا رہے تھے جب راستے میں ایک پھل کی ریڑھی سے پھل خریدنے کے لیے رکے۔
خریداری کے دوران 30 روپے کی ادائیگی پر ریڑھی والے سے تکرار ہو گئی۔ یہ معمولی جھگڑا جلد ہی شدید شکل اختیار کر گیا جب ریڑھی والے نے اپنے ساتھیوں کو بلا لیا۔
ملزمان، جن میں اویس، شہزاد، توقیر اور دیگر شامل تھے، نے مبینہ طور پر بھائیوں پر تشدد شروع کر دیا اور انہیں کرکٹ بیٹ سے حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا۔
زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دونوں بھائی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ مقتولین کے والد سعید اقبال نے پولیس کو بتایا کہ ان کے بیٹے روزانہ کی بنیاد پر مزدوری کرتے تھے اور یہ واقعہ ایک چھوٹی سی رقم پر پیش آیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی رائیونڈ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ مقتولین کے والد کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں ملزمان پر قتل اور تشدد کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
پولس کا کہنا ہے کہ سپیشل ٹیم نے ایس ایچ او رائیونڈ محمد ذکا کی سربراہی میں تحقیقات شروع کر دی تھیں جبکہ جدید ٹیکنالوجی اور انسانی انٹیلی جنس کی مدد سے مرکزی ملزم شہزاد کو گرفتار کیا گیا۔
اس کے بعد پولیس نے ایک اور ملزم اویس کو بھی حراست میں لیا۔
سی سی ڈی پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 27 اگست کو جب ٹیم ملزمان کی نشاندہی پر رائیونڈ میں چھاپے مار رہی تھی تو زیرِ حراست ملزمان کے ساتھیوں نے ملزمان کو چھڑوانے کے لیے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی۔
بیان کے مطابق پولیس مقابلے کے دوران قتل میں ملوث دونوں مرکزی ملزمان اویس اور شہزاد  ہلاک ہو گئے جبکہ ملزمان کے ساتھی پولیس ٹیم پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ 
پولیس کا کہنا ہے کہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

شیئر: