Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں پولیس مقابلہ، دو اہلکار اور 4 ’عسکریت پسند‘ ہلاک

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے شہر راولاکوٹ کے نواحی علاقے حسین کوٹ میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پولیس اور مبینہ ’عسکریت پسندوں‘ کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے، جن میں چار مبینہ ’عسکریت پسند‘ اور دو پولیس اہلکار شامل ہیں۔
وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے میں ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور آپریشن میں حصہ لینے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سراہا۔
وزیر داخلہ کے بیان میں کہا گیا کہ ’پولیس اہلکاروں نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔‘
 ہلاک ہونے والے افراد کی سرکاری طور پر شناخت  ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
مختلف مقامی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں زرنوش نسیم نامی ایک نوجوان شامل ہے، جس کا تعلق ضلع باغ سے بتایا جا رہا ہے۔
زرنوش کے لاپتا ہو نے کے اہل خانہ نے سنہ 2024 میں بازیابی کے لیے اسلام آباد میں پریس کلب کے سامنے احتجاج بھی کیا تھا۔ بعد ازاں انہیں رہا کر دیا گیا تھا، تاہم کچھ عرصے بعد زرنوش کے خلاف ضلع باغ میں ایک ایک پولیس اہلکار سجاد ریشم کے قتل کا مقدمہ درج ہوا جس میں وہ پولیس کو مطلوب تھے۔
زرنوش نسیم نے روپوشی کے دوران ایک ویڈیو پیغام میں ریاستی اداروں پر سنگین الزامات عائد کیے تھے جب کہ چند ماہ قبل ان کے اہل خانہ نے انہیں قانون کے سامنے پیش ہونے کی اپیل بھی کی تھی۔
زرنوش نسیم 2021 کے عام انتخابات کے دوران ایک انتخابی جلسے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما (اور موجودہ وزیراعلیٰ خیبرپختنونخوا) علی امین گنڈاپور پر جوتا اچھالنے کے واقعے کے بعد خبروں کی زینت بنے تھے جس پر انہیں گرفتار بھی کیا گیا تھا۔
مقامی صحافیوں کے مطابق زرنوش نسیم حالیہ برسوں میں مبینہ طور پر شدت پسند نظریات کی جانب مائل اور سکیورٹی اداروں کو مطلوب تھے۔
جھڑپ کے دوران مبینہ عسکریت پسندوں کی جانب سے خود کو دھماکے سے اڑانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، تاہم اس کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
 کشمیر میں ٹریفک حادثے میں افسران سمیت پانچ پولیس اہلکار ہلاک
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر پونچھ ڈویژن کے سیاحتی مقام تولی پیر کے قریب پولیس پک اپ کو حادثہ پیش آیا جس میں آفیسرز سمیت پانچ پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔

شیئر: