Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جامعہ ام القری نے جامعات کے کردار پر کانفرنس کی میزبانی کی

کانفرنس میں اقدار، اور فکری آگاہی کے فروغ میں جامعات کے کردار کو اجاگر کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ کی جامعہ ام القری نے اقدار اور عقل و فہم کی آگاہی کے فروغ کے لیے یونیورسٹیوں کے کردار پر ایک کانفرنس کی میزبانی کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، اس تین روزہ کانفرنس میں، کالج اور یونیوسٹیوں میں تدریس سے منسلک افراد، ماہرین اور دانشورانہ اور تعلیمی امور کے پروفیشنل بھی شریک ہوئے۔
پہلے سیشن میں اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ سعودی جامعات، انسانی اقدار میں اضافے اور عقل و فہم کی آگاہی کے لیے کس طرح کام کر رہی ہیں۔
اس سیشن میں اہداف کے حصول کے لیے کی جانے والی کوششوں میں تحقیق کے کردار کا خاص طور پر ذکر کیا گیا۔
دوسرے سیشن میں دانشورانہ آگاہی کو فروغ دینے کے لیے مقامی اور بین الاقوامی اقدامات پر غور ہوا اور ان کوششوں کو یکجا کرنے کے لیے شراکت داریوں پر بات چیت ہوئی۔
ایک اور سیشن میں جامعات کی، معاشرے کی طرف ذمہ داری کو گہری تنقیدی نظر سے دیکھا گیا۔ بالخصوص مذہبی اداروں کے ساتھ تعاون، میڈیا کی شمولیت، کمیونٹی کی مُہمُوں اور کانفرنس کے نتائج کو سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز پر شیئر کرنے کی اہمیت نمایاں کی گئی۔
کانفرنس میں کہا گیا کہ سپیشلائزڈ ریسرچ کے لیے ایک پائیدار اور مستقل پلیٹ فارم کی ضرورت ہے۔

کانفرنس میں کہا گیا کہ ریسرچ کے لیے مستقل پلیٹ فارم کی ضرورت ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)

امربالمعروف اور نھی عن المنکر کمیشن کے صدر شیخ عبدالرحمن السند نے کہا کہ ’کچھ معاشروں میں اخلاقی بنیادوں کی پامالی کا سبب ابھرتے ہوئے دانشورانہ ٹرینڈ ہیں۔‘
انہوں نے اقدار کی حفاظت اور انھیں برقرار رکھنے کی ضروت کو اجاگر کیا اور اُس طریقِ عمل کے نمایاں خدو خال بیان کیے جن سے اخلاقیات کو، نظریے سے عمل میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔
کانفرس کے دوران جامعہ ام القری نے دو آن لائن پلیٹ فارمز ’مستشرق‘ (آپ کا مشیر) اور ’وای‘ (آگاہی) کا آغاز بھی کیا۔
ان دونوں پلیٹ فارمز کے لیے فیکلٹی کے ماہرین، ذہنی صحت، تعلیم، خاندانی مسائل کے حل لیے رائے، سماجی مدد اور کریئر کی ترقی کے لیے مفت اور کسی کے علم میں لائے بغیر مشاورت فراہم کریں گے۔

کانفرنس میں جامعہ ام القری نے دو آن لائن پلیٹ فارمز کا آغاز بھی کیا۔ (فائل فوٹو)

ان پلیٹ فارمز کا مقصد ذہنی تندرستی، سماجی صحت اور ذاتی اور پیشہ ورانہ ترقی میں اضافہ کرنا ہے جس سے مجموعی طور پر زندگی کی کوالٹی بہتر ہو گی۔
آگاہی پلیٹ فارم ایک محفوظ چینل کے طور پر کام کرے گا جہاں دانشورانہ کج روی، ریڈیکل رویے یا تشویش کا باعث بننے والے ٹرینڈز کے بارے میں اطلاع دی جا سکے گی۔
ایسے معاملات کو چینل پر رپورٹ کرنے والے کی پرائیویسی کی حفاظت کی جائے گی اور جامعہ میں محفوظ اور اقدار کے سائے میں کام کرنے والا کیمپس بنایا جائے گا۔
یہ اِنیشیٹِیو، قومی تحفظ کی کوششوں میں کمیونٹی کی شرکت بڑھانے کے لیے ممد و معاون ہوگا اور شہری زندگی کے آداب کی ذمہ داری کو تقویت دے گا۔

 

شیئر: