Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں ڈیزل تین روپے فی لیٹر سستا، پیٹرول کی قیمت برقرار

پاکستان میں حکومت نے اگلے 15 دنوں کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا ہے۔
اتوار کی شب وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اوگرا کی سفارش پر ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر تین روپے کمی کی گئی ہے جبکہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 272 روپے 99 پیسے سے کم ہو کر 269 روپے 99 پیسے کر دی گئی ہے۔
پاکستان میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت گزشتہ ایک ماہ سے 264 روپے 61 پیسے پر برقرار ہے۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ 15 روز کے لیے مٹی کا تیل (کیروسن آئل) کی قیمت میں ایک روپے 46 پیسے کمی کی گئی ہے۔ اور اب مٹی کے تیل کی فی لیٹر نئی قیمت 176 روپے 81 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں دو روپے 40 پیسے کمی کی گئی ہے۔
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر ہر 15 دن کے بعد نظرثانی کی جاتی ہے۔

ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی کمی

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کر دی ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 13 روپے 89 پیسے کمی کی گئی ہے۔
ایل پی جی کی نئی قیمت کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو گیا ہے۔
ستمبر کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں فی کلو ایک روپے 17 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔
اوگرا کی جانب سے قیمتوں میں کمی کے بعد 11.8 کلو گرام گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2527.47 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اگست کے لیے ایل پی جی کی گھریلو سلنڈر کی قیمت 2541.36 روپے تھی۔
پاکستان میں ایل پی جی کی قیمتوں کا تعین ہر ماہ کے اوائل میں کیا جاتا ہے۔

 

شیئر: