Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ثنا یوسف نہیں بننا چاہتی‘، شادی سے انکار پر ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے مبینہ اغوا کی کوشش

پاکستانی ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر سامعہ حجاب نے الزام عائد کیا ہے کہ لاہور سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان گزشتہ دو، تین ماہ سے انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔
اتوار کے روز سامعہ نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام پوسٹ کیا جس میں وہ اپنے فالوورز سے مدد کی اپیل کر رہی ہیں۔
سامعہ نے اپنی ویڈیو میں کہا ’لاہور سے تعلق رکھنے والے نوجوان حسن زاہد نے مجھے بار بار شادی کی پیشکش کی جسے میں نے ٹھکرایا، اور اب وہ لڑکا مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔‘
سامعہ نے کہا  ’گزشتہ شام زاہد میرے گھر کے باہر آیا اور مجھے زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش کی‘۔
ان کا مزید کہنا تھا ’اس سے قبل میری دوست ثنا یوسف کے ساتھ بھی ایسا واقعہ پیش آ چکا ہے۔ میں ثنا نہیں بننا چاہتی اور ان لڑکیوں میں شامل نہیں ہونا چاہتی جو اپنے لیے آواز نہ اٹھا سکیں۔‘
دوسری جانب اسلام آباد کے تھانہ شالیمار میں سامعہ حجاب کی درخواست پر واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق سامعہ نے الزام عائد کیا کہ ملزم حسن زاہد کئی روز سے ان کا تعاقب کرتا رہا،  بار بار  تحائف دے کر دباؤ ڈالا گیا، اور 31 اگست شام ساڑھے 6 بجے گھر کے باہر زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش کی گئی۔
ایف آئی آر میں یہ بھی لکھا گیا کہ ملزم نے کھلے عام بدلہ لینے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی ہیں۔
سامعہ نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور ویڈیو بیان پولیس کے حوالے کر دیے ہیں جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

شیئر: