برطانوی عدالت سعودی طالبعلم کے قتل کیس کی سماعت پیر کو کرے گی
محمد القاسم ای ایف انٹرنیشنل لینگویج کیمپس کے طالبعلم تھے (فوٹو اخبار 24)
برطانیہ کی کیمرج کراون کورٹ 20 سالہ سعودی طالبعلم محمد القاسم کے قتل کیس کی سماعت پیر 8 ستمبر کو کر رہی ہے۔
الاخباریہ کے مطابق عدالت نے کیس کی پہلی سماعت کے دوران مرکزی ملزم پرعوامی مقام پر دانستہ قتل اور چاقو رکھنے کی فرد جرم عائد کی تھی۔
وکیل صفائی کا کہنا ہے ملزم سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قتل کے الزام سے انکار کرے گا اور دعوی کرے گا کہ وہ اپنا دفاع کررہا تھا۔
تاہم ایسے واضح ثبوت موجود ہیں جو ملزم کے اپنے دفاع کے دعوے کے برخلاف ہیں۔
عدالت ملزم کے اعتراف جرم یا انکار دونوں صورتوں میں سماعت جاری رکھے گی جبکہ باقاعدہ ٹرائل کا آغاز آئندہ فروری میں ہوگا۔
مقدمے کے دو شریک ملزمان جنہیں ضمانت پر رہا کیا گیا ہے وہ بھی عدالت میں پیش ہوں گے۔
یاد رہے کیمبرج کے جنوب میں واقع مل پارک میں 20 سالہ سعودی طالبعلم محمد القاسم کو چاقو کے وار کرکے قتل کردیا گیا تھا۔
برطانوی پولیس نے واقعے میں ملوث ہونے کے شبے میں دو افراد کو گرفتار کیا تھا۔
محمد القاسم سعودی شہری اورای ایف انٹرنیشنل لینگویج کیمپس کا طالبعلم تھے جو ایک نجی سکول ہے۔
