Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیشہ وارانہ فٹنس معائنہ اور غیر متعدی امراض کے ضوابط کا اجرا

’ضوابط کا مقصد غیر متعدی بیماریوں کی بروقت تشخیص اور ملازمین کی صحت کا فروغ ہے‘ ( فوٹو: سبق)
وزیر ہیومن ریسورسز انجینئر احمد بن سلیمان الراجحی نے آج پیشہ ورانہ فٹنس معائنہ اور غیر متعدی امراض کے ضوابط جاری کئے ہیں۔
 سبق ویب سائٹ کے مطابق ان ضوابط کا مقصد غیر متعدی بیماریوں کی بروقت تشخیص، کام کی جگہوں پر ملازمین کی صحت کا فروغ، پیشہ ورانہ امراض و حادثات میں کمی، حساس پیشوں کے لیے موزوں ترین افراد کا انتخاب اور کام کی جگہوں پر حفاظتی معیار کو بلند کرنا ہے۔
 ملازمین کی زندگی کے معیار اور مجموعی صحت کو بہتر بنایا جا سکے اور ان کی حفاظت، کارکردگی اور پیداواری صلاحیت میں مثبت اثرات مرتب ہوں۔
یہ ضوابط ابتدائی حفاظتی معائنوں کے اقدامات کو مضبوط بنا کر کام کے دوران حادثات اور پیشہ ورانہ امراض کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
 اس کے ساتھ ساتھ یہ ملازمین کی جسمانی اور نفسیاتی فٹنس کو بہتر بنانے پر زور دیتے ہیں تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں بہتر اور محفوظ انداز میں ادا کر سکیں۔
 مزید برآں ضوابط میں تقرری سے قبل طبی معائنہ، وقفے وقفے سے ہونے والے معائنے اور خطرناک پیشوں سے وابستہ کارکنوں کے خصوصی معائنوں کا نظام شامل ہے تاکہ ملازمین کی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ہر پیشے کی نوعیت کے مطابق طبی معائنوں کے یکساں ماڈلز متعارف کرائے گئے ہیں۔
 اس کے علاوہ جامع صحت ڈیٹا بیس قائم کرنے کی شق بھی شامل ہے جو فیصلہ سازوں کی معاونت کرے گی، حفاظتی نگرانی کو مضبوط بنائے گی اور کام کے ماحول کو زیادہ مؤثر اور محفوظ بنانے میں مددگار ہوگی۔
قومی کونسل برائے سیفٹی و پیشہ ورانہ صحت اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ قومی معیارات اور متعلقہ بین الاقوامی معاہدوں پر عمل درآمد کے معیار کو بلند کیا جا سکے اور مملکت کی پوزیشن کو عالمی انڈیکس میں مزید نمایاں بنایا جا سکے۔
 

شیئر: