Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: سمندر میں پھنسے شہری کو کوسٹ گارڈ کی بروقت امداد

شہری کی کشتی کھلے سمندر میں خراب ہو گئی تھی (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
جدہ میں کوسٹ گارڈز کے امدادی یونٹ نے کھلے سمندر میں پھنس جانے والے سعودی شہری کو بروقت امداد فراہم کرتے ہوئے اسے بحفاظت ساحل پر پہنچا دیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق کوسٹ گارڈ کے کنٹرول روم میں ایک شہری کی جانب سے مدد کے  لیے کال موصول ہوئی جس نے بتایا کہ اس کی کشتی کھلے سمندر میں خراب ہو گئی ہے جبکہ اس کے پاس درست کرنے کے اوزار اور پارٹس بھی نہیں ہیں۔
کوسٹ گارڈ کے کنٹرول روم سے سمندری گشت پر موجود یونٹس سے رابطہ کیا گیا تاکہ مشکل میں مبتلا شہری کو امداد فراہم کی جا سکے۔
کوسٹ گارڈ کی امدادی ٹیم جلد ہی اس مقام پر پہنچ گئی جہاں سعودی شہری اپنی خراب کشتی میں ان کا منتظر تھا۔ امدادی ٹیم نے متاثرہ شخص اور اسکی کشتی کو ساحل پر پہنچا دیا۔
اس حوالے سے کوسٹ گارڈ کی جانب سے لوگوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ سمندری سیر پر نکلتے وقت اپنی کشتی کا باریک بینی سے معائنہ کریں تاکہ کسی قسم کی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 

 

شیئر: