ادارہ امور حرمین شریفین کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام میں زائرین کو منظم کرنے کے باعث عمرہ کا دورانیہ کم ہو کر 121 منٹ تک ہو گیا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق ادارہ حرمین کی جانب سے ایکس اکاونٹ پر عمرہ کے دورانیہ کا تفصیلی چارٹ دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صحن مطاف سے طواف بیت اللہ کے لیے 49 منٹ لگے ہیں اور 88 فیصد عمرہ زائرین صحن مطاف سے ہی طواف کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں
سعی کے حوالے سے ادارہ امور حرمین کا کہنا تھا کہ 72 فیصد عمرہ زائرین محض 55 منٹ میں صفا و مروہ کی سعی کر لیتے ہیں ۔ مسجد الحرام کے بیرونی صحنوں سے مطاف تک پہنچنے میں 12 منٹ کا وقت لگتا ہے جبکہ مطاف سے مسعی (سعی کا مقام) کو جانے کے لیے 11 منٹ کافی ہیں۔
واضح رہے مسجد الحرام کی انتظامیہ نے صحن مطاف صرف عمرہ کرنے والے زائرین کےلیے مخصوص کردیا ہے تاکہ صحن میں زیادہ ازدحام نہ ہو اور زائرین آرام سے صواف کرسکیں۔ اس تنظیم کی وجہ سے مطاف میں ازدحام قدرے کم ہو جاتا ہے ۔ وہ افراد جو احرام میں ملبوس نہیں ہوتے اور وہ صرف طواف بیت اللہ کرتے ہیں انہیں مسجد الحرام کی بالائی منزل پر جانا ہوتا ہے جہاں سے طواف کا دورانیہ زیادہ ہوتا ہے۔