Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی سی بی کا پاکستان انڈیا میچ ریفری کو ایشیا کپ سے ہٹانے کا مطالبہ

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان نے انڈیا پاکستان میچ ریفری کے خلاف آئی سی سی میں شکایت درج کروائی ہے۔
پیر کو ایکس پر پوسٹ میں محسن نقوی نے کہا کہ ’پی سی بی نے آئی سی سی میں شکایت درج کرائی ہے کہ میچ ریفری نے آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق اور ایم سی سی قوانین، جو کرکٹ کی روح سے متعلق ہیں، کی خلاف ورزی کی ہے۔‘
پوسٹ میں کہا گیا کہ ’پی سی بی نے مطالبہ کیا ہے کہ میچ ریفری کو فوری طور پر ایشیا کپ سے ہٹا دیا جائے۔‘
دوسری جانب پی سی بی ذرائع نے کہا ہے کہ میچ ریفری تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ کے مزید میچز نہیں کھیلے گا۔
انڈیا اور پاکستان کے کشیدہ سیاسی تعلقات کی جھلک گزشتہ روز دبئی میں ایشیا کپ کے میچ میں بھی نظر آئی جب میچ سے پہلے اور بعد میں کھلاڑیوں کے درمیان مصافحہ نہیں ہوا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے دونوں کپتانوں، انڈیا کے سوریا کمار یادو اور پاکستان کے سلمان علی آغا، سے میچ سے قبل ٹاس کے موقع پر ہاتھ نہ ملانے کی درخواست کی۔
پی سی بی نے رات گئے جاری اپنے بیان میں میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے فیصلے کو کھیل کی روح کے خلاف قرار دیا اور کہا کہ ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے میچ ریفری کے رویے کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں ’باقاعدہ احتجاج‘ درج کرایا ہے۔
آئی سی سی نے تاحال اس معاملے پر کوئی عوامی ردعمل نہیں دیا۔
محسن نقوی نے رات کو ایکس پر اپنے بیان میں لکھا ’سپورٹس مین شپ کی کمی دیکھ کر انتہائی افسوس ہوا۔ کھیل میں سیاست کو گھسیٹنا کھیل کی اصل روح کے خلاف ہے۔ امید ہے کہ آئندہ فتوحات تمام ٹیمیں خوش اسلوبی اور وقار کے ساتھ منائیں گی۔‘
انڈیا کی جانب سے وننگ شاٹ کھیلنے والے سوریا کمار یادو میچ کے بعد حسبِ روایت حریف کھلاڑیوں سے ہاتھ ملائے بغیر اپنے ساتھی شیوم دوبے کے ہمراہ سیدھے ڈریسنگ روم کی طرف چلے گئے تھے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں بھی جب سوریا کمار سے ہاتھ نہ ملانے کی وجہ پوچھی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ ’کچھ چیزیں سپورٹسمین شپ سے بالاتر ہوتی ہیں۔‘
انڈین ٹیم کے کپتان اس جیت کو ’پاکستان کے لیے مؤثر جواب‘ کہتے بھی دکھائی دیے۔
ساتھ ہی ساتھ سوریا کمار نے ایکس پر ایک پوسٹ میں انڈیا کی جیت کو پہلگام واقعے کے متاثرین کے نام کیا تھا۔

شیئر: