عرب اسلامی سربراہ کانفرنس کا اعلامیہ، قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والے عرب و اسلامی ہنگامی سربراہی اجلاس میں شرکاء نے متفقہ طور پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قطر کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کا اعلان کیا۔
عاجل نیوز کے مطابق قطر پر ہونے والے اسرائیلی حملے کے حوالے سے دوحہ میں امیر قطر کی زیرصدارت منگل 15 ستمبر کو منعقد ہونے والی ہنگامی عرب و اسلامی سربراہ کانفرنس کے شرکاء کی جانب سے جاری 25 نکاتی بیان جاری کیا گیا۔
اس بیان میں مشترکہ طورپر اسرائیلی وحشیانہ حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی کہ جو کچھ اسرائیل کی جانب سے کیا گیا وہ واضح طور پر خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی اور علاقائی اور عالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔
مشترکہ بیان میں اسرائیل کی جانب سے قطر کو دوبارہ نشانہ بنانے کی دھمکیوں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’کسی بھی سیاسی یا سکیورٹی جواز کے تحت اسرائیلی جارحیت کو قبول نہیں کیا جائے گا۔‘
اجلاس میں نیویارک میں منظور شدہ ’اعلان دوریاستی حل‘ اور 22 ستمبر 2025 کو پیرس میں سعودی عرب اور فرانس کی میزبانی میں ہونے والے بین الاقوامی امن کانفرنس کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔
عالمی رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ ’حالیہ اسرائیلی جارحیت نہ صرف قطر بلکہ پورے عالم عرب اور اسلامی دنیا کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’آئندہ کسی بھی حملے کی صورت میں اجتماعی عرب و اسلامی ردعمل یقینی ہو گا۔ اسرائیل کو اس جرم پر عالمی سطح پر جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔‘
مشترکہ بیان میں فلسطینی عوام کے جبری انخلاء کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دیتے ہوئے ان کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا گیا۔
