جدہ کانفرنس میں مصنوعی ذہانت، لائبریری اور ثقافت پر توجہ
کانفرنس میں 70 سے زیادہ پیپر پیش کیے جائیں گے (فوٹو، ایس پی اے)
سپیشل لائبریریز ایسوسی ایشن ،عریبیئن گلف چیپٹر کی 28ویں سالانہ کانفرنس جدہ میں شروع ہوگئی ہے جو 18 ستمبر تک جاری رہے گی۔
وزراتِ ثقافت کے لائبریریز کمیشن کے ساتھ مل کر منعقد کیے جانے والے اس ایونٹ میں تمام تر توجہ، ’علم کی پائیداری اور ثقافت کے تحفظ‘ پر ہوگی۔
اس میں ’کم یاب اور نایاب دستاویزات اور مسودات کے علاوہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیوں اور مصنوعی ذہانت کے دور میں ثقافتی ورثے کے مواد کا بندوبست کرنا شامل ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس کانفرنس میں لائبریری اور انفارمیشن سائنس سے وابستہ عالمی اور علاقائی ماہرین شریک ہوں گے۔
کانفرنس میں 70 سے زیادہ پیپر پیش کیے جائیں گے جن میں مملکت کے ثقافتی ورثے کو باقی رکھنے اور اس کے علمی انتظام کے لیے مصنوعی ذہانت اور نئی ٹیکنالوجیوں کا اطلاق بھی کیا جائے گا۔
پروگرام میں ورکشاپس کے علاوہ ایک نمائش کا بھی بندوبست کیا گیا ہے جو انفارمیشن سسٹمز پر ہوگی۔ اس کے علاوہ کانفرنس میں تاریخی جدہ کے دورے سے متعلق ایک ثقافتی سیکشن بھی موجود ہوگا اور روایتی پرفارمینسز بھی پیش کی جائیں گی۔
کانفرس میں گفتگو کے دوران لائبریریوں میں سمارٹ ٹیکنالوجیوں، گورنینس اور مسودات و آرکائیونگ کی پالیسیوں، انٹیلیکچُوئل پراپرٹی، پرائیویسی اور ورثے کے بارے میں انفارمیشن تک پائیدار رسائی کے معیار بھی زیرِ بحث آئیں گے۔
ایونٹ کا مقصد علمی تبادلے اور جدید ٹیکنالوجیوں کی کھوج کے بارے میں ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جس سے ثقافتی میراث کا تحفظ اور علمی اداروں کو پائیداری حاصل ہو سکے۔
