یمن سے اسرائیل پر ڈرون حملہ، سیاحتی شہر ایلات میں 20 افراد زخمی
اسرائیل نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے یمن کے حوثی کنٹرول والے علاقوں پر بمباری کی ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)
یمن سے اسرائیل کے سیاحتی شہر ایلات پر داغے گئے ایک ڈورن سے کم از کم 20 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے بدھ کو اسرائیلی سرکاری ایمبولینس سروس’ ماگن ڈیوم آدوم‘ کا حوالہ دینے ہوئے رپورٹ کیا کہ یہ حملہ بدھ کو اردن اور مصر کی سرحد کے قریب واقع اسرائیلی شہر ایلات پر کیا گیا۔
ایمبولینس سروس کے مطابق ڈورن حملے میں دو افراد شدید زخمی ہوئے جبکہ دیگر کو درمیانے درجے کی یا معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی کہ یمن سے داغا گیا ایک ڈرون ایلات میں گرا اور انہوں نے صرف اتنا بتایا کہ اسے روکنے کی کوششیں کی گئیں۔
اخبار ’اسرائیل ہایوم‘ نے ابتدائی تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام ڈرون کو روکنے میں ناکام رہا۔
یہ حملہ ایسے وقت ہوا ہے جب چند دن قبل ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے ایک ڈرون فائر کیا تھا جو ایلات کے ہوٹل زون میں جا گرا جس سے عمارت کو نقصان تو پہنچا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حوثی باغی ہزاروں کلومیٹر شمال میں اسرائیل کی طرف میزائل اور ڈرونز داغ رہے ہیں جنہیں وہ فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے مظاہرے کے طور پر بیان کرتے ہیں۔
حوثیوں کی جانب سے داغے گئے زیادہ تر میزائل اور ڈرونز کو روک لیا گیا یا پھر وہ اسرائیلی حدود تک پہنچنے سے قبل ہی گر گئے۔
بدھ کے حملے کے بعد اسرائیل نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے یمن کے حوثی کنٹرول والے علاقوں پر بمباری کی ہے جن میں اہم بندرگاہ ’حدیدہ‘ بھی شامل ہے۔
حوثی باغی یمن کے سب سے زیادہ آبادی والے علاقوں پر قابض ہیں اور وہ غزہ میں جنگ کے آغاز یعنی اکتوبر 2023 سے بحیرہ احمر میں جہازوں پر بھی حملے کر رہے ہیں۔
