انڈین ریاست تمل ناڈو میں اداکار وجے کی ریلی میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم 31 افراد ہلاک
اداکار وجے نے اپنی سیاسی جماعت ’تملگا ویتری کڑگم‘ بنائی ہے اور آج کل پوری ریاست کے دورے پر ہیں۔ (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)
انڈین اخبار دی ہندو نے ریاست تمل ناڈو کے وزیر صحت ایم اے سبرامینین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ مشہور تمل اداکار اور سیاست دان وجے کی ریلی میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم 31 افراد ہلاک اور 50 کے قریب زخمی ہو گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وجے، جنہوں نے اپنی سیاسی جماعت ’تملگا ویتری کڑگم‘ بنائی ہے اور آج کل پوری ریاست کے دورے پر ہیں، ان کی سیاسی میٹنگ میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وجے آئندہ برس کے اوائل میں ہونے والے ریاستی انتخابات سے پہلے بھرپور مہم چلا رہے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کم از کم 44 ڈاکٹروں کو، جو تروچیراپلی اور سیلم کے آس پاس کے اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں، فوری طور پر کروُر روانہ کیا گیا ہے۔
اس حادثے کے حوالے سے انڈین وزیرِاعظم نریندر مودی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان میں کہا کہ ’تمل ناڈو کے شہر کروُر میں سیاسی ریلی کے دوران پیش آنے والا افسوس ناک واقعہ دل دکھا دینے والا ہے۔‘
روئٹرز نے تمل ناڈو کی ریاستی وزارتِ صحت اور وزیراعلٰی ایم کے اسٹالن کے دفتر سے رابطہ کرنے کی کوششیں کیں جو بار آور ثابت نہ ہوئیں۔
ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے وزیراعلٰی اسٹالن نے کہا کہ ’کروُر سے آنے والی خبریں تشویش ناک ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے وزرا اور افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، اور قریبی علاقے تروچیراپلی سے اضافی مدد بھی طلب کی گئی ہے۔‘