سعودی وزارتِ افرادی قوت نے’ہروب‘ ( کام سے غیرحاضری) کینسل کرانے کے لیے خصوصی مہلت کا اعلان کیا ہے۔
دی جانے والی مہلت سے وہ کارکن مستفیض ہوں گے جن کا ہروب خود کار یا سپانسرز کے ذریعے درج ہوا ہے۔
مزید پڑھیں
-
ھروب کینسل کرانے کی 60 دن کی مہلت کن غیرملکی کارکنوں کے لیے ہے؟Node ID: 882493
-
قانون محنت کے نئے ضوابط، خلاف ورزیوں پر سزا اور جرمانے کیا ہیں؟Node ID: 890002
عکاظ کے مطابق وزارتِ محنت کی جانب سے ہروب کی درستگی کی مہم کا آغاز 18 ستمبر 2025 کو کیا جاچکا ہے۔
مہم کا مقصد مملکت میں لیبر مارکیٹ کو منظم کرتے ہوئے آجر و اجیر کے مابین تعلقات کو مستحکم و فریقین کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ’یہ مہلت مختلف نوعیت کے کیسز کے لیے مفید ہوگی جن میں وہ کارکن جنہیں ان کے سابق سپانسر نے 60 روزہ مہلت دی ( کسی دوسری جگہ معاہدہ کرسکیں) اور وہ اس میں ناکام رہے جس کی وجہ سے خود کارسسٹم کے ذریعے ان کا ہروب فائل ہو گیا۔‘
’ایسے کارکن جن کا سابقہ تصدیق شدہ معاہدہ ختم یا منسوخ ہو گیا ہو اور وہ مقررہ مدت کے دوران کسی دوسری جگہ ملازمت کا معاہدہ حاصل کرنے میں ناکام رہے ہوں وہ بھی اس مہلت سے مستفیض ہوسکتے ہیں۔‘

وزارت کے مطابق’ ایسے کارکن جن کا ہروب خود کارسسٹم کے اطلاق سے قبل فائل ہوا ہو ان کےلیے وہ بھی اس مہلت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، اس دوران اپنے لیے ملازمت تلاش کر اپنے سٹیٹس کو قانونی بنا سکتے ہیں۔‘
وزارت کی جانب سے مہلت سے استفادہ کرنے کی شرائط مقرر کی ہیں جن کے تحت نئے سپانسر کے لیے ضروری ہو گا کہ وہ کارکن کی سابقہ ورک پرمٹ کی باقی شدہ فیس ادا کرے۔
دوسری اور اہم شرط کے مطابق ’کام سے غیرحاضری‘ رجسٹر ہونے یا معاہدہ ملازمت ختم ہونے سے قبل کارکن کم ازکم 12 ماہ مسلسل مملکت میں موجود رہا ہو۔

واضح رہے سعودی عرب میں قانون محنت میں کافی تبدیلی کی جاچکی ہیں۔ بیشترامور کو ڈیجیٹلائز کیا گیا ہے جس کا مقصد آجر و اجیر کے حقوق کا تحفظ اور کام کے ماحول کو بہتر بنانا ہے۔
وزارت محنت و افرادی قوت کی جانب سے ’قوی‘ پورٹل کے ذریعے کارکنوں کے ملازمت کے معاہدے رجسٹر کیے جاتے ہیں۔
معاہدے سالانہ بنیاد پر تجدید کیے جاتے ہیں۔ ورکنگ ایگریمنٹ نہ ہونے کی صورت میں کارکن کو 60 روزہ مہلت ملتی ہے۔

اس دوران وہ کوئی بہتر ملازمت تلاش کرکے ملازمت کا معاہدہ ’قوی‘ پورٹل پر اپ لوڈ کرسکتا ہے جس کے بعد اس کا سٹیٹس قانونی تصور کیاجاتا ہے۔
قوی پورٹل پر ملازمت کے معاہدے کی تصدیق کےلیے دی گئی 60 روزہ مہلت ختم ہونے کے بعد سسٹم خود کار طریقے سے کارکن کا ’ہروب‘ ( کام سے غیرحاضری) فائل کردیتا ہے جس کے بعد کارکن کی فائل سیز ہو جاتی ہے اور اسے قانونی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔