Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ام القری یونیورسٹی حج، عمرہ و وزٹ ریسرچ فورم کی میزبانی کرے گی

فورم 8 اکتوبر کو کنگ سلمان انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں ہوگا۔ (فائل فوٹو)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی گورنر مدینہ منورہ شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز کی سربراہی میں حج وعمرہ و وزٹ ریسرچ فورم 8 اکتوبر (16 ربیع الثانی) کو منعقد کیا جائے گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق فورم  کی ام القری یونیورسٹی 25 ویں سائنسی فورم برائے حج وعمرہ، اور وزٹ ریسرچ کی میزبانی کرے گی جو کنگ سلمان انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں ہوگا۔
یونیورسٹی کے سربراہ ڈاکٹر معدی بن محمد آل مذھب کا کہنا ہے ’شاہ سلمان کی جانب سے فورم کے انعقاد کی سرپرستی کرنا اس امر کا ثبوت ہے کہ مملکت کی مدبرانہ قیادت حج وعمرہ امور کے لیے ہرممکن سہولتیں فراہم کرنے کے لیے سنجیدگی سے کوشاں ہے جو مملکت کے وژن 2030 کے اہداف میں شامل ہے۔‘
فورم کے 25 ویں ایڈیشن میں مختلف موضوعات پرسیمینارز اور ورکشاپس منعقد کی جائیں گی جن میں گرین حج کی جانب پیش رفت، ماحولیاتی تحفظ و پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات، گراوڈ کنٹرولنگ کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل صحت خدمات کی فراہمی اور ایکٹیو ٹیکنالوجی سلوشنز وغیرہ شامل ہیں۔
تین روزہ فورم میں عازمین حج کو فراہم کی جانے والی خدمات پر فوکس کیا جائے گا۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین اپنی آرا سے آگاہ کریں گے جن کا مقصد آئندہ برس حج و عمرہ سیزن میں ضیوف الرحمان کو بہتر خدمات فراہم کرنا ہے۔

 

شیئر: