بچوں کے سائبر تحفظ کے لیے پہلا عالمی انڈیکس متعارف
جمعرات 2 اکتوبر 2025 15:50
’یہ اشاریہ فیصلہ سازوں کو عملی بصیرت فراہم کرے گا تاکہ بچوں کے تحفظ کو مزید مضبوط کیا جا سکے‘ ( فوٹو: ایکس)
بین الاقوامی سائبر سکیورٹی فورم نے سائبر سپیس میں بچوں کے تحفظ کا انڈیکس (Child Protection Index in Cyberspace) جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ انڈیکس بین الاقوامی ادارہ DQ اور متعلقہ عالمی تنظیموں کے تعاون سے مرتب کیا گیا ہے۔
یہ اقدام اُس عالمی پہل کے اسٹریٹجک اہداف کے تحت ہے جسے ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ’سائبر سپیس میں بچوں کا تحفظ‘ کے عنوان سے شروع کیا تھا۔
اس کا مقصد اجتماعی کوششوں کو زیادہ سے زیادہ مؤثر بنانا، عالمی سطح پر فیصلہ سازوں کے درمیان بڑھتے ہوئے سائبر خطرات کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے عالمی ردِ عمل کو مضبوط کرنا ہے تاکہ بچوں کے تحفظ سے متعلق اہم امور کا سامنا کیا جا سکے۔
سائبر سکیورٹی فورم نے ریاض میں منعقدہ ’بین الاقوامی سائبر سکیورٹی فورم 2025‘ کے دوران اعلان کیا ہے کہ ’سائبر سپیس میں بچوں کے تحفظ کا انڈیکس‘ عالمی اشاریے کے طور پر تیار کیا گیا ہے، جو بچوں کے لیے زیادہ محفوظ سائبر ماحول قائم کرنے میں سہولت دے گا۔
یہ اشاریہ فیصلہ سازوں کو عملی بصیرت فراہم کرے گا تاکہ بچوں کے تحفظ کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
یہ اشاریہ جامع پیمائشی طریقۂ کار پر مبنی ہے جو بچوں کے تحفظ سے متعلق تمام پہلوؤں کو محیط ہے، جیسے تعلیمی ادارے، والدین، تکنیکی ڈھانچے، نجی شعبے کی کمپنیاں اور ریاستوں کی پالیسیاں۔
’سائبر اسپیس میں بچوں کے تحفظ‘ کی یہ پہل بین الاقوامی سطح پر نہایت بلند اہداف حاصل کرنے کی کوشش میں ہے، جن میں دنیا بھر کے 150 ملین سے زیادہ بچوں تک رسائی، 16 ملین سے زیادہ افراد کو سائبر سکیورٹی کی مہارتیں سکھانا اور 50 سے زائد ممالک میں بچوں کو درپیش سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے فریم ورک کے نفاذ میں مدد شامل ہے۔