ربیع الأول کے دوران عمرے کی ادائیگی 115 منٹ میں مکمل
جمعرات 2 اکتوبر 2025 11:28
’87 فیصد معتمرین نے مسجد الحرام کے صحن میں طواف ادا کیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ ربیع الاول کے مہینے میں عمرہ کی اوسط مدت 115 منٹ رہی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’عملی مشاہدے سے معلوم ہوا کہ 87 فیصد معتمرین نے مسجد الحرام کے صحن میں طواف ادا کیا ہے‘۔
انتظامیہ نے وضاحت کی کہ عمرہ کی ادائیگی کے وقت میں 46 منٹ طواف کے لیے، 47 منٹ سعی کے لیے، 12 منٹ صحن سے مطاف تک پہنچنے کے لیے اور 10 منٹ مطاف سے مسعیٰ تک جانے کے لیے لگے ہیں۔
انتظامیہ نے بتایا ہے کہ ’72 فیصد سے زائد معتمرین نے سعی زمین کی سطح (نیچے والے حصے) میں ادا کی ہے‘۔
حرمین شریفین انتظامیہ نے اس امر کی بھی تصدیق کی ہے کہ یہ اعداد و شمار تنظیمی کارکردگی کی مؤثریت اور مسجد الحرام کے راہداریوں میں حرکت کی روانی کو ظاہر کرتے ہیں جو نہ صرف زائرین کے اطمینان کو بڑھاتا ہے بلکہ وژن 2030 کے اہداف کو بھی پورا کرتا ہے جس کا مقصد حرمین شریفین کی خدمت اور شعائر کی ادائیگی کو آسان بنانا ہے۔