وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ کی سعودی ڈیٹا اینڈ اے آئی اتھارٹی کے صدر سے ملاقات
جمعرات 2 اکتوبر 2025 19:44
ملاقات میں اردو اور عربی زبانوں میں مقامی لارج لینگویج ماڈلز (LLMs) کی تیاری کے لیے اشتراک کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ (فوٹو: وزارت آئی ٹی)
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے ریاض میں سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اتھارٹی (SDAIA) کے صدر عبداللہ بن شرف الغامدی سے ملاقات کی۔
وزارت آئی ٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، ملاقات میں سعودی وژن 2030 اور پاکستان کی نیشنل اے آئی پالیسی 2025 کے تناظر میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مصنوعی ذہانت کی تربیت کے شعبے میں سعودی عرب کے ماڈل ’ون ملین سعودیز ان اے آئی‘ سے استفادے پر گفتگو ہوئی، اور پاکستان میں 10 لاکھ اے آئی پروفیشنلز کی تربیت کے ہدف کے لیے باہمی تعاون پر زور دیا گیا۔
بیان کے مطابق، اے آئی ریگولیشنز، گورننس اور پرائیویسی سینڈ باکس کے قیام کے لیے مشترکہ ورکشاپس منعقد کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور آئی۔
علاوہ ازیں، ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ اور نیشنل ڈیٹا ریپوزٹری کے قیام میں تکنیکی تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں اردو اور عربی زبانوں میں مقامی لارج لینگویج ماڈلز (LLMs) کی تیاری کے لیے اشتراک کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔
