Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فالکن کلب کے تحت ریاض میں شکار کے اسلحے کی نمائش

’پویلین میں 600 سے زائد مختلف قسم کے شکار کے ہتھیار پیش کئے گئے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی فالکن کلب نے ’سعودی انٹرنیشنل فالکن اینڈ ہنٹنگ نمائش 2025‘ کے دوران شکار کے ہتھیاروں اور گولہ بارود کے لیے خصوصی پویلین مختص کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق شکار کے ہتھیاروں کا پولین وزٹروں کو مکمل انٹرایکٹو تجربہ فراہم کرتا ہے جس کے ذریعے وہ خریداری سے قبل عملی طور پر ہتھیاروں کی خصوصیات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔
پویلین میں 600 سے زائد مختلف قسم کے شکار کے ہتھیار پیش کئے گئے جو آٹھ فائر آرمز میں مہارت رکھنے والی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ کئی ایئر گن کمپنیوں کی جانب سے پیش کیے گئے جن میں دنیا کی 55 سے زیادہ بین الاقوامی برانڈز شامل ہیں۔
ان میں کچھ رائفلیں بھی شامل ہیں جو پہلی بار نمائش میں پیش کی گئی ہیں، جس سے شوقین افراد اور زائرین کے لیے انتخاب کے مزید مواقع پیدا ہوتے ہیں۔
نمائش میں زائرین کو شوٹنگ آزمانے اور ہتھیاروں کی کارکردگی کا براہِ راست مشاہدہ کرنے کا موقع بھی دیا گیا ہے، اس کے علاوہ ایئر گنز، ذاتی اور گھریلو لوازمات کے لیے علیحدہ پویلین بھی رکھے گئے ہیں۔
نمائش میں ماہرین کے ذریعے فوری مشاورت اور درست معلومات فراہم کی جاتی ہیں تاکہ خریداری کا عمل بامقصد اور ذمہ دارانہ ہو۔
یہ نمائش ریاض کے شمالی علاقے ملہم میں واقع ’ریاض انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایکسپو سینٹر‘ میں منعقد کی جا رہی ہے، جس میں 45 ممالک کے 13 سوسے زائد نمائش کنندگان شریک ہیں اور جو ہر سال لاکھوں وزٹروں کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔

شیئر: