Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسمِ سرما کی آمد: العلا سیاحوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار

العلا شہر نئی سرگرمیوں سے بھرپور موسم سرما کے استقبال کی تیاری کر رہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق العلا نے فضائی رابطہ نیٹ ورک کو مزید وسعت دی ہے تاکہ دنیا بھر اور خطے کے مختلف حصوں سے آنے والے سیاح شمال مغربی جزیرۂ عرب میں واقع اس دلکش نخلستان تک زیادہ آسانی سے پہنچ سکیں۔
العلا انٹرنینشل ایئرپورٹ 26 اکتوبر سے اگلے سال 28 مارچ تک ہر ہفتے تقریباً 27 پروازوں کی میزبانی کرے گا۔
ان میں تین پروازیں ہفتہ وار دوحہ سے ہوں گی جو قطر ایئرویز کے ذریعے چلائی جائیں گی جبکہ رائل جارڈینین ایئرلائن بھی العلا اور اردن کے دارالحکومت عمان کے درمیان ہفتے میں دو پروازیں دوبارہ شروع کرے گی۔
قطر ایئرویز کی دوحہ سے العلا کے لیے پروازیں جو دوحہ کے حمد بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ذریعے 90 سے زائد ممالک کو جوڑتی ہیں، شمال مغربی جزیرۂ عرب کو دنیا کے مختلف خطوں سے جوڑنے والی ایک نئی فضائی راہداری فراہم کریں گی جس سے یہ منفرد سیاحتی منزل لاکھوں مسافروں کے لیے مزید قابلِ رسائی بن جائے گی۔
العلا، عمان کا فضائی راستہ صرف ایک نیا سفری آپشن نہیں بلکہ دو خطوں کے درمیان گہرے ثقافتی روابط کی علامت بھی ہے جنہیں نبطی تہذیب نے صدیوں پہلے یکجا کیا تھا۔
اردن کا شہر پیترا نبطیوں کی تعمیراتی مہارت کا زندہ ثبوت ہے جبکہ العُلا کی تاریخی بستی ’الحجر‘ جو یونیسکو کی عالمی ورثہ فہرست میں شامل پہلا سعودی مقام ہے، ان ہی نبطیوں کے سنگ تراشی کے فن اور قدیم آثار کو آج بھی سنبھالے ہوئے ہے۔
العلا کے سرمائی پروازوں کے شیڈول میں سعودی ایئرلائن کی ریاض اور جدہ سے روزانہ کی بنیاد پر دو پروازیں شامل ہیں
ناس ایئر لائن پانچ ہفتہ وار پروازیں چلائے گی، تین ریاض سے (پیر، جمعہ اور اتوار کو) اور دو دمام سے (جمعرات اور ہفتہ کو)۔
فلائی دبئی، دبئی سے ہفتے میں تین پروازیں چلائے گی (منگل، جمعرات اور اتوار کو)، جبکہ قطر ایئرویز بھی دوحہ سے بدھ، جمعہ اور اتوار کو تین پروازیں چلائے گی۔
اسی طرح رائل جارڈینین عمان سے دو ہفتہ وار پروازیں (جمعرات اور اتوار کو) 19 اکتوبر 2025ء سے 26 فروری 2026ء تک چلائے گی۔
یہ موسمی توسیع العلا کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ خطے اور دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کے لیے رسائی کو آسان بنائے تاکہ وہ اس کے دلکش مناظر، شاندار میزبانی، اور گہرے ثقافتی ورثے سے لطف اندوز ہو سکیں۔
اس دوران العلا میں تفریحی تجربات اور رنگا رنگ تقریبات کا بھرپور پروگرام بھی پیش کیا جائے گا۔
نرم و معتدل سردی کے مہینے جو سال کے حسین ترین اوقات میں شمار ہوتے ہیں، العلا کے دلکش مناظر اور منفرد فضا سیر و سیاحت کے لیے مثالی موسم فراہم کرتے ہیں جس سے یہ مقام تیزی سے عالمی سیاحت کے نمایاں جواہرات میں اپنی جگہ مضبوط کر رہا ہے۔
دلچسپی رکھنے والے افراد مزید معلومات کے لیے ویب سائٹ experiencealula.com پر جا سکتے ہیں۔

 

شیئر: