سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی فروغ کے لیے دو روزہ باضابطہ مذاکرات کا سلسلہ آج شروع ہو رہا ہے۔
مذاکرات کے لیے سعودی عرب کا تجارتی وفد پاکستان میں ہے اور بدھ کو اسلام آباد میں دو ملاقاتیں کرے گا۔
اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے منگل کو جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان سعودی عرب اقتصادی و تجارتی فروغ کے لیے سعودی عرب کا 15 رکنی تجارتی وفد شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی سربراہی میں پاکستان پہنچا ہے۔
مزید پڑھیں
بیان کے مطابق دو روزہ دورے کے دوران سعودی عرب کا وفد سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے قائم سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دورے کے دوران گفتگو میں تجارت، سرمایہ کاری، سعودی ویژن 2030 اور پاکستان کے اقتصادی ترقی کے ایجنڈے کے مطابق ترجیحی شعبوں میں تعاون مدنظر رہیں گے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب کے وفد کی قیادت شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کر رہے ہیں۔ اور وفد میں کاروباری شخصیات اور صنعت کار شامل ہیں۔‘
بیان کے مطابق ’یہ دورہ پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے فریم ورک کے تحت اقتصادی اور سرمایہ کاری کی شراکت کو بڑھانے کے لیے ان کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔‘
سعودی وفد کی پاکستانی حکام سے ملاقاتوں میں توانائی، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، زراعت، مالیاتی خدمات، تعمیرات، سیمی کنڈکٹرز اور خوراک کی صنعت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی جائے گی۔
گذشتہ برس اکتوبر میں بھی 135 رکنی سعودی کاروباری وفد نے پاکستان کو دورہ کیا تھا جس میں البیک سمیت دیگر منصوبوں پر دستخط کیے گئے تھے۔