Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستان اور سعودی عرب ہر شعبے میں ساتھ ساتھ‘: شوریٰ کونسل کے چیئرمین سے ایاز صادق کی ملاقات

سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ سے پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے ملاقات کی۔
نیشنل اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے منگل کو جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، خطے کی صورت حال اور مسلم امہ کے اتحاد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات عقیدے، بھائی چارے اور اعتماد پر مبنی ہیں۔
ان کے مطابق ’سعودی عرب ہمیشہ سے پاکستان کا مخلص دوست رہا ہے۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارلیمانی تعاون دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
سپیکر نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے مابین سٹریٹیجک باہمی دفاعی معاہدہ دوستی، اعتماد اور علاقائی امن کا مظہر ہے، یہ معاہدہ پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز اور فخر کا باعث ہے۔‘
سپیکر سردار ایاز صادق نے شاہ سلمان، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، سپیکر مجلسِ شوریٰ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ اور سعودی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
سردار ایاز صادق نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے سعودی عرب کے قائدانہ اور مثبت کردار کو سراہا۔
انہوں نے اس امر کو پاکستان کی خوش قسمتی قرار دیا کہ اسے حرمین شریفین کی حفاظت کی ذمہ داری ملی ہے۔
ان کے مطابق ’سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن ایک پیج پر ہیں۔‘
انہوں نے انڈیا کے ساتھ جنگ میں پاکستان سے اظہار یکجہتی پر سعودی عرب کا شکریہ بھی ادا کیا۔
چیئرمین شوریٰ کونسل ڈاکٹر عبداللہ محمد بن ابرہیم الشیخ کو پاک سعودی تعلقات کے فروغ کے لیے کاوشوں کے اعتراف میں پاکستان کا سب کا بڑا سول ایوارڈ کل دیا جائے گا۔
اس موقع پر سعودی شوریٰ کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے کہا کہ ’پاکستان کا دورہ کر کے دلی خوشی محسوس کر رہا ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہر شعبے میں ساتھ ساتھ ہیں۔ دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کو بہت قریب لایا ہے۔‘
انہوں نے پاکستان کو دنیا ایک اہم ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اسے سعودی عرب کی خارجہ پالیسی میں کلیدی اہمیت حاصل ہے۔
سعودی شوریٰ کونسل کا اعلیٰ سطح کا پارلیمانی وفد پیر کو پہنچا تھا۔ یہ وفد سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر  پاکستان آیا ہے۔

شیئر: