اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائر: پاکستان اور افغانستان کے درمیان پہلے ہاف کا مقابلہ برابر
جمعرات 9 اکتوبر 2025 13:31
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پہلے ہاف میں پاکستان اور افغانستان کا کھیل بغیر کسی گول کے برابر رہا (فوٹو: پی ایف ایف)
اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائر میں آج پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہیں۔
اسلام آبا کے سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جا رہے میچ میں پہلے ہاف کا کھیل مکمل ہو گیا ہے۔
پہلے ہاف میں افغانستان اور اور پاکستان کا کھیل بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
اے ایف سی ایشیئن کپ 2027 کوالیفائر راؤنڈ کے گروپ ای میں پاکستان، شام، میانمار اور افغانستان شامل ہیں۔ پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں شام کے ہاتھوں دو گول سے شکست اٹھانی پڑی تھی۔
اس کے بعد میانمار نے پاکستان کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی تھی۔
اے ایف سی ایشین کپ 2027
ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کے زیرِ اہتمام ایشیا کا سب سے بڑا فٹبال ٹورنامنٹ ’اے ایف سی ایشین کپ 2027‘ کا 19واں ایڈیشن میں سات جنوری سے پانچ فروری 2027 تک سعودی عرب میں منعقد ہوگا۔
یہ ٹورنامنٹ ہر چار سال بعد منعقد ہوتا ہے اور سنہ2019 میں توسیع کے بعد اب اس میں 24 ممالک کی ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔
اس سے قبل سنہ 2023 کا ایڈیشن ملتوی ہونے کی وجہ سے 2024 میں کھیلا گیا تھا جس کی وجہ میزبان ملک چین کی دستبرداری اور قطر میں گرمی کی شدت تھی۔
اب سنہ2027 کا ایڈیشن معمول کے چار سالہ شیڈول پر واپس آ رہا ہے جبکہ قطر اس کا دو مرتبہ چیمپئن رہ چکا ہے۔
