سٹار فٹبالر بنزیما الاتحاد کو خیر باد کہیں گے؟
’انہوں نے انتظامیہ کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ اپنا معاہدہ تجدید نہیں کرنا چاہتے‘ ( فوٹو: سبق)
فرانسیسی سٹارفٹبالر کریم بنزیما نے اپنے مستقبل کے حوالے سے حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سٹار فٹبالر نے الاتحاد کلب کی انتظامیہ کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ اپنا معاہدہ تجدید نہیں کرنا چاہتے اور یورپ واپسی کی تیاری کر رہے ہیں۔
باخبر ذرائع نے کہا ہے کہ ’بنزیما فری ٹرانسفر کے ذریعے جانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں جبکہ پرتگالی کلب بنفیکا اور اس کے کوچ جوزے مورینیو انہیں حاصل کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں‘۔
بنزیما کا الاتحاد کے ساتھ معاہدہ جون 2026 میں ختم ہونا ہے تاہم قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ جنوری میں ہی رخصت ہو سکتے ہیں اگر کسی یورپی کلب کے ساتھ حتمی معاہدہ طے پا گیا۔
الاتحاد کی انتظامیہ فرانسیسی اسٹرائیکر کا معاہدہ تجدید کرکے فنی استحکام برقرار رکھنا چاہتی تھی مگر کھلاڑی کے اس فیصلے نے کلب کو آئندہ ٹرانسفر ونڈو سے قبل مشکل صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔