پی آئی اے ایک بار پھر مسافروں کا سامان دبئی میں چھوڑ کر اسلام آباد آئی
جمعرات 9 اکتوبر 2025 20:35
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پرواز PK-234 دبئی سے اسلام آباد تو پہنچ گئی، مگر تقریباً 15 مسافروں کا سامان وہیں چھوڑ آئی۔
یہ پرواز جمعرات کی صبح 4 بج کر 10 منٹ پر دبئی سے روانہ ہوئی اور صبح 8 بج کر 15 منٹ پر اسلام آباد پہنچی۔ تاہم، مسافر جب اسلام آباد ایئرپورٹ پر سامان کے انتظار میں کھڑے تھے، تو انہیں بتایا گیا کہ ’سامان دبئی میں رہ گیا ہے، جو اگلی فلائٹ کے ذریعے بھیجا جائے گا۔‘
تاہم، خبر کے فائل ہونے تک سامان واپس نہیں پہنچ سکا۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ عباسی نے اردو نیوز سے گفتگو میں وضاحت کی کہ ’بعض اوقات طیارے میں گنجائش کی کمی کے باعث کچھ سامان بعد میں بھیجنا پڑتا ہے۔ اُمید ہے کہ آج رات یا صبح تک سامان اسلام آباد پہنچ جائے گا۔‘
متاثرہ مسافروں میں شامل ایک خاتون الشبہ عباسی (فرضی نام) نے بتایا کہ ’میں اپنی شادی کے لیے دبئی سے لہنگا خرید کر لائی تھی، لیکن میرا سامان اسی پرواز میں نہیں آیا۔ میری پرسوں شادی ہے، اور اب پریشانی یہ ہے کہ جوڑا وقت پر پہنچے گا یا نہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم سے مکمل سامان کے حساب سے کرایہ وصول کیا گیا، لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ جہاز میں گنجائش نہیں ہے۔ اسلام آباد پہنچ کر پتا چلا کہ ہمارا سامان تو فلائٹ میں تھا ہی نہیں۔‘
اسی پرواز کے ایک اور مسافر عمر قریشی (فرضی نام) نے بتایا کہ انہوں نے بچوں کے لیے قیمتی کھلونے اور اہلِ خانہ کے لیے تحائف لائے تھے۔ ’چاہتا تھا کہ گھر پہنچتے ہی سب کو سرپرائز دوں، لیکن پی آئی اے نے پورا منصوبہ خاک میں ملا دیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جب ایئرپورٹ پر پتا چلا کہ سامان اگلی فلائٹ سے آئے گا، تو بچوں کو سمجھانا مشکل ہو گیا کہ تحائف ابھی نہیں بلکہ کل آئیں گے۔‘
