ہاردک پانڈیا کی گرل فرینڈ ماہیکا شرما کے ساتھ ساحلِ سمندر کی سیر، ’یہ انڈین کرکٹر کی واضح محبت بھرا اعلان ہے‘
ہفتہ 11 اکتوبر 2025 17:27
ماہیِکا شرما ایک مشہور ماڈل اور اداکارہ ہیں (فوٹو: انسٹاگرام)
انڈین کرکٹر ہاردک پانڈیا ایک بار پھر خبروں میں ہیں، تاہم اس مرتبہ وجہ ان کی مبینہ نئی محبت ماہیِکا شرما ہیں۔
سوشل میڈیا پر یہ بحث وائرل ہے کہ ہاردک پانڈیا نے ماہیِکا شرما کے ساتھ اپنے تعلقات کو انسٹاگرام پر باضابطہ طور پر ظاہر کر دیا ہے۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ دونوں کی حالیہ تصاویر نے سب کچھ واضح کر دیا ہے۔
ہاردک پانڈیا نے حال ہی میں ساحلِ سمندر پر گزاری گئی چھٹیوں کی چند تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کیں۔ ان تصویروں میں ماہیِکا شرما بھی ان کے ساتھ نظر آئیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹس میں سے ایک تصویر میں دونوں سمندر کے کنارے دکھائی دیتے ہیں جبکہ ایک دوسری تصویر میں یہ جوڑی بظاہر کسی پارٹی میں جانے کے لیے تیار نظر آتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ماہیِکا شرما نے بھی اپنی انسٹاگرام سٹوریز میں ایسے اشارے دیے ہیں جن سے صارفین کے شکوک مزید گہرے ہوگئے۔ انہوں نے ہاردک پانڈیا کی ایک تصویر شیئر کی اور اس پر گلابی ربن، کیک اور موم بتیوں کی ایموجی لگا کر مداحوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا کہ شاید دونوں واقعی ایک دوسرے کے بہت قریب آچکے ہیں۔
سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بحث چل رہی ہے۔ ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہاردک کا سوفٹ لانچ ختم، اب مکمل اعلان ہو گیا ہے۔‘

ایک دوسرے صارف نے لکھا کہ ’ان کی جوڑی میں ایک الگ ہی چمک ہے، دونوں واقعی ایک دوسرے کے لیے بنے ہیں۔‘
کچھ صارفین نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے تبصرہ کیا کہ ’انسٹاگرام پر آفیشل اعلان فور کے میں‘ اور ’یہ ہاردک کی سب سے خاموش مگر واضح محبت بھرا اعلان ہے۔‘

یاد رہے کہ ہاردک پانڈیا اور ماہیِکا شرما کے درمیان تعلقات کی خبریں پہلے بھی سامنے آتی رہی ہیں۔
اس سے قبل ہاردک پانڈیا کی شادی ماڈل اور اداکارہ نتاشا سٹانکویچ سے ہوئی تھی لیکن جولائی 2024 میں دونوں نے باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ دونوں کا ایک بیٹا اگستیا بھی ہے جس کی ہاردک پانڈیا اور نتاشا سٹانکویچ مشترکہ طور پر پرورش کر رہے ہیں۔
قبل ازیں ہاردک پانڈیا کا نام اداکارہ ایشا گپتا کے ساتھ بھی جوڑا گیا تھا تاہم ایشا نے وضاحت کی تھی کہ ’ہم صرف چند ماہ بات کر رہے تھے لیکن معاملہ کسی رشتے تک نہیں پہنچا۔‘
