وزیر خزانہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے اجلاس میں شرکت کریں گے
’دونوں اداروں کے اجلاس 13 سے 18 اکتوبر کے دوران منعقد ہو رہے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزیرخزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان ورلڈ بینک گروپ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ IMF کے سالانہ اجلاسوں میں سعودی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
سبق ویب ویب سائٹ کے مطابق دونوں عالمی مالیاتی اداروں کے اجلاس امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں 13 سے 18 اکتوبر کے دوران منعقد ہورہے ہیں۔
سعودی وفد میں کئی اعلیٰ حکام شامل ہیں جن میں سعودی مرکزی بینک ’ساما‘ کے گورنر ایمن بن محمد السیاری، معاون وزیرخزانہ برائے مالیاتی پالیسی و بین الاقوامی تعلقات انجینئر عبداللہ بن عبدالرحمن بن زرعہ، بین الاقوامی مالی و اقتصادی امور کی کمیٹی کے نائب سربراہ ڈاکٹر ریاض الخریف اور وزارتِ خزانہ کے بین الاقوامی تعلقات کے ایجنٹ خالد باوزیر شامل ہیں۔
وزیر خزانہ محمد بن عبد اللہ الجدعان اور ساما کے گورنر ایمن بن محمدالسیاری جنوبی افریقہ کی صدارت میں منعقد ہونے والے جی 20 ممالک کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنرز کے چوتھے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جہاں عالمی معیشت کی تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال اور اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت ہوگی۔