ریاض مویشی منڈی کے باڑوں کے کرائے میں سو فیصد اضافہ
’باڑ کا کرایہ 35 ہزار ریال سے بڑھ کر 70 ہزار اور 60 ہزار سے بڑھ کر 120 ہزار ریال تک کردیا گیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
دار الحکومت ریاض کی عزیزیہ مویشی منڈی کے تاجروں نے کہا ہے کہ منڈی میں مویشی کے باڑوں کے کرایوں میں اچانک سو فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق تاجروں نے اچانک اضافے پر متعلقہ حکام سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔
مویشی کے تاجروں نے کہا ہے کہ ’منڈی کی آپریٹنگ کمپنی نے نئے معاہدوں میں کرایہ سو فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے حالانکہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے ریاض شہر میں تجارتی و رہائشی کرایوں کو برقرار رکھنے کی ہدایت پہلے ہی جاری ہو چکی ہے‘۔
تاجروں نے بتایا ہے کہ انہیں اضافے کے حوالے سے نوٹسز موصول ہوئے ہیں۔
تاجروں نے واضح کیا ہے کہ یہ فیصلہ منڈی پر منفی اثر ڈالے گا اور صارفین کے لیے قیمتوں میں اضافے کا سبب بنے گا جبکہ چھوٹے تاجروں کے لیے کاروبار جاری رکھنا مشکل ہو جائے گا جس سے منڈی کے توازن میں بگاڑ پیدا ہو سکتا ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ ’باڑ کا کرایہ 35 ہزار ریال سے بڑھ کر 70 ہزار اور 60 ہزار سے بڑھ کر 120 ہزار ریال تک کردیا گیا ہے۔