سُپرسٹار وجے آج تمل ناڈو کے وزیراعلٰی کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے، راہُل گاندھی کی شرکت متوقع
راہُل گاندھی وجے کی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوں گے (فوٹو: اے این آئی)
انڈیا کے سپر سٹار سی جوزف وجے اتوار کے روز انڈین ریاست تمل ناڈو کے وزیرِ اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھائیں گے، جبکہ امکان ہے کہ آٹھ رکنی کابینہ بھی ان کے ساتھ حلف لے گی۔
جوزف وجے چندر شیکھر کی پارٹی ’تملگا ویٹری کژگم‘ (ٹی وی کے)اسمبلی میں اکثریتی حمایت حاصل کرنے کے بعد اقتدار سنبھالنے کی تیاری کر رہی ہے۔
انڈین اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق حلف برداری کی تقریب صبح 10 بجے نہرو سٹیڈیم میں منعقد ہوگی جس میں لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈ راہل گاندھی بھی شرکت کریں گے۔
گورنر سی جوزف وجے کو باضابطہ طور پر وزیرِ اعلیٰ مقرر کرتے ہوئے حکومت بنانے کی دعوت دی ہے۔ گورنر نے وجے کو 13 مئی تک اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
یہ پیش رفت اس وقت ممکن ہوئی جب ویدوتھلائی چیتروتھیگال کچی (وی سی کے) اورانڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) نے ٹی وی کے کی حمایت کا اعلان کیا، جس کے بعد اتحاد کی نشستوں کی تعداد 234 رکنی اسمبلی میں 120 تک پہنچ گئی۔
اس سے قبل انڈین نیشنل کانگریس نے بھی وجے کی حکومت کی حمایت کی تھی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اس فیصلے کی ایک وجہ اداکار سے سیاستدان بننے والے وجے کے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں۔ دونوں کی پہلی ملاقات 2009 میں دہلی میں ہوئی تھی، جہاں مبینہ طور پر راہول گاندھی نے وجے کو یوتھ کانگریس میں شامل ہونے کی پیشکش کی تھی۔
اگرچہ وجے نے اس وقت پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کی، تاہم کانگریس رہنماؤں کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان برسوں رابطہ برقرار رہا، جس کے باعث موجودہ ٹی وی کے، کانگریس تعاون ایک فطری پیش رفت بن گیا۔ راہول گاندھی بھی وجے کی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوں گے۔
