جدہ ایئرپورٹ پر گم ہونے والے ہزاروں ریال پاکستانی عازم حج کو مل گئے
احرام والی بیلٹ جس میں رقم موجود تھی ایئرپورٹ پر کہیں گر گئی۔ (فوٹو: پاکستان حج مشن)
پاکستانی حج مشن کے ’لاسٹ اینڈ فائونڈ سیل‘ نے فرض شناسی کی مثال قائم کی ہے۔ ایک پاکستانی عازم حج کی گمشدہ رقم اور بیلٹ تلاش کر کے حوالے کر دی۔
مکہ مکرمہ میں ’لاسٹ اینڈ فائونڈ سیل‘ کےشفٹ انچارج رانا مجاہد نے بتایا ’لاہور سے تعلق رکھنے والے عازم حج عثمان شاہد جو سعودی ایئر لائن کی پرواز ایس وی 3735 کے ذریعے جدہ پہنچے تھے۔ ان کی احرام والی بیلٹ ایئرپورٹ پر کہیں گر گئی۔ اس بیلٹ میں 4308 سعودی ریال (تقریباً سوا تین لاکھ پاکستانی روپے) موجود تھے۔‘
بیان کے مطابق ’جدہ ایئرپورٹ پر تعینات پاکستانی حج مشن کے ٹیم انچارج حیدر علی کو یہ بیلٹ ملی جس میں کوئی شناختی کارڈ یا نام موجود نہیں تھا جس سے مالک کا پتہ چل سکے، اس امانت کو مکہ مکرمہ پہنچایا گیا۔‘
اسی دوران عازم حج عثمان شاہد نے مکہ پہنچ کر اپنی بیلٹ کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔
شفٹ انچارج سیل نے بتایا ’عازم حج کی بتائی گئی نشانیوں، رقم کی درست مالیت اور دیگر تفصیلات کی مکمل تصدیق اور تسلی کرنے کے بعد ان کی امانت (رقم اور بیلٹ حوالے کر دی گئی۔‘
عثمان شاہد کا کہنا تھا’’ اپنی رقم گم ہونے پر پریشان تھا، تاہم پاکستانی حج مشن ک نے جس طرح میری مدد کی، ان کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔‘
’ حکومت پاکستان اور سعودی حکومت کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے عازمین کے لیے اتنی بہترین سہولتیں فراہم کی ہیں۔‘
پاکستان حج مشن نے عازمین کو مشورہ دیا کہ ’وہ اپنی اشیا کی حفاظت کریں تاہم کسی بھی گمشدگی کی صورت میں فوری طور پر قریبی ’لوسٹ اینڈ فائونڈ سیل‘ سے رابطہ کیا جائے۔‘
