سعودی عرب کا تاریخی مقام العلا ایتھلیٹس, صحت مند سرگرمیوں کے متلاشی اور مہم جوئی کے شوقین افراد کا خیرمقدم کرنے کےلیے تیار ہے۔
اس سال العلا ویلنیس فیسٹیول کے دو اہم ایونٹس العلا 24 آور اینڈرونس ریس اور العلا ہاف میراتھن ریس کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
صحرا میں ’دُلہن‘، سعودی عرب کے العلا گورنریٹ میں منفرد چٹانNode ID: 895437
-
موسمِ سرما کی آمد: العلا سیاحوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیارNode ID: 895532
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق اس سال العلا فیسٹیول منفرد انداز میں شروع کیا جائے گا جس میں العلا کے نصف حصے میں مراتھن اور دیگر سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔
العلا 24 آور اینڈرونس ریس کا آغاز 31 اکتوبر سے ہو گا جو یکم نومبر کو ختم ہو گی۔ یہ ریس سپورٹس سے تعلق رکھنے والوں کے لیے چیلنج ہو گی جس میں جسمانی قوتِ برداشت اور ذہنی قوت کو قدرتی مناظر کے درمیان آزمایا جائے گا۔
یہ ایونٹ’مغیراء ‘ ہیریٹیج سپورٹس ولیج میں منعقد ہو گا جہاں شرکا 8.7 کلومیٹر طویل سرکلر کیمل ریسنگ ٹریک کے گرد دوڑیں گے۔

ریس کے لیے مختلف زمرے متعین کیے گئے ہیں جس کے تحت انفرادی طور پر یا گروپس کی شکل میں دو، چار ، چھ ، آٹھ ، دس اور بارہ رکنی ٹیموں کی صورت میں حصہ لیا جا سکتا ہے۔
اس زمرے کے فاتح وہ ہوں گے جو 24 گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ چکر مکمل کریں گے۔
اس ایونٹ اور ریس کے مقام کو ایک مکمل تفریح گاہ کے طور پر تیار کیا گیا ہے جہاں کیمپنگ کی سہولت دستیاب ہے، جس میں شاور، ٹوائلٹس، فاسٹ فوڈ اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کا بندوبست ہے۔

ریس کی کوریج کے لیے مختلف مقامات پرسکرینز نصب کی جائیں گی جن پر لمحہ بہ لمحہ کی صورتحال دیکھی جا سکے گی۔
العلا ہاف میراتھن ریس 25 اکتوبر کو ہوگی جس کا ٹریک العلا کمشنری کے سب سے مشہور قدرتی ورثے والے مقامات ’ہاتھی والا پہاڑ‘اور العلا کے قدرتی نظارے شامل ہیں۔
ریس مردوں اور خواتین کے لیے ہے، تاہم اس کے لیے عمر کو دیکھتے ہوئے ٹریک کی لمبائی اور دیگر امور کا تعین کیا جائے گا۔

ریس مختلف کیٹگریز کی ہو گی جس میں 21.1 کلومیٹر کی ہاف میراتھن شامل ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں تجربہ کار ریسرز شرکت کریں گے جبکہ 10 کلو میٹرکی دوڑ درمیانے فاصلے کی ہوگی جس میں کوئی بھی شرکت کرسکتا ہے۔
ایک اور ٹریک 5 کلو میٹر پر مشتمل ہے جس میں عام افراد اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کےلیے شامل ہوسکتے ہیں۔ 3 اور 1.5 کلو میٹر کی ریس جونیئرز اور فیملیز کے لیے ہوگی۔