سلطان آف جوہر ہاکی کپ: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 2-3 سے ہرادیا
سلطان آف جوہر ہاکی کپ: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 2-3 سے ہرادیا
بدھ 15 اکتوبر 2025 17:29
سلطان آف جوہر کپ 2025 کے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 2-3 سے شکست دے دی (فوٹو: اے ایم ایم)
ملائشیا کے شہر جوہر میں جاری 13ویں سلطان آف جوہر کپ 2025 کے سنسنی خیز میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا ہے۔
بدھ کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دونوں گول پینلٹی کارنر کے ذریعے محمد سفیان خان نے سکور کیے جبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے روکو، جکارتہ اور جارڈن نے ایک ایک گول سکور کیا۔
پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم پانچواں میچ 17 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔
اس سے قبل منگل کو روایتی حریف پاکستان اور انڈیا کے درمیان کھیلا گیا سنسنی خیز میچ 3-3 گول سے برابر رہا تھا۔
پاکستان کی جانب سے تینوں گول پینلٹی کارنر کے ذریعے کیے گئے۔ پہلا گول پانچویں منٹ میں کپتان حنان شاہد نے کیا جبکہ دوسرا اور تیسرا گول 39ویں اور 55ویں منٹ میں محمد سفیان خان نے کیے۔
انڈیا کی جانب سے ارجیت، آنند اور منمیت سنگھ نے ایک ایک گول کیا۔ انڈیا کو میچ میں ایک پینلٹی سٹروک بھی ملا جبکہ مجموعی طور پر پاکستان کو چھ جبکہ انڈیا کو نو پینلٹی کارنرز ملے۔
11 اکتوبر سے شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں کُل چھ ٹیمیں شریک ہیں جن میں پاکستان، انڈیا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ شامل ہیں۔
چھ ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں شریک ہر ٹیم پانچ پانچ میچز کھیلے گی۔
سلطان جوہر ہاکی کپ کا فائنل 18 اکتوبر کو ملائیشیا کے شہر جوہر بارو کے سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔