Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حماس نے معاہدے پر عمل درآمد سے انکار کیا تو جنگ دوبارہ شروع کریں گے، اسرائیل

اسرائیلی وزیر دفاع نے خبردار کیا ہے کہ اگر حماس نے جنگ بندی کی شرائط پر عمل درآمد نہ کیا تو جنگ دوبارہ شروع کر دیں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اگر حماس معاہدے پر عمل درآمد سے انکار کرتا ہے تو اسرائیل، امریکہ کے ساتھ مل کر جنگ دوبارہ شروع کر دے گا اور حماس کو مکمل شکست دینے، غزہ کی حقیقت کو بدلنے اور جنگ کے تمام مقاصد حاصل کرنے کے لیے کارروائی کرے گا۔‘
وزیر دفاع کی جانب سے یہ بیان حماس کے بیان کے بعد جاری کیا گیا جس میں تنظیم نے کہا تھا کہ ملبے تلے دبی ہوئی یرغمالیوں کی لاشوں کو مخصوص ساز و سامان کے بغیر نکالنا ممکن نہیں ہے۔
جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس نے بدھ کی رات گئے 28 ہلاک شدہ یرغمالیوں میں سے دو کی لاشیں حوالے کی تھیں جبکہ اس سے ایک روز قبل سات یرغمالیوں کی باقیات حوالے کی گئی تھیں۔
پیر سے اب تک دو ہزار فلسطینی قیدیوں کے بدلے میں حماس 20 زندہ یرغمالیوں کو رہا کر چکا ہے۔
حماس کے مسلح ونگ عزالدین القسام بریگیڈز نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ معاہدے کے تحت وعدے کو پورا کرتے ہوئے اپنی تحویل میں موجود تمام زندہ اسرائیلی قیدیوں کے ساتھ ساتھ ان لاشوں کو بھی حوالے کر دیا ہے جن تک رسائی حاصل تھی۔
’جہاں تک باقی لاشوں کا معاملہ ہے، ان کو نکالنے کے لیے بہت زیادہ کوشش اور مخصوص آلات کی ضرورت ہے۔ ہم اپنی بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ اس معاملے کو نمٹا دیا جائے۔‘
اسرائیل کی طرف سے جنگ دوبارہ شروع کرنے کی دھمکی کے بعد، سینیئر امریکی مشیروں نے بدھ کو کہا کہ حماس اب بھی اپنے وعدے کو پورا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
ایک مشیر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر صحافیوں کو بتایا کہ ’ہم ان (حماس) کی طرف سے سنتے رہتے ہیں کہ وہ معاہدے کا احترام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور معاہدے کو مکمل ہوتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔‘
تاہم لاشوں کی واپسی میں کسی بھی قسم کی تاخیر سے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو عوام کی طرف سے مزید  دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر نے دھمکی دی ہے کہ اگر حماس فلسطینی سرزمین میں موجود فوجیوں کی باقیات واپس کرنے میں ناکام رہا تو غزہ کے لیے امدادی سامان کی ترسیل   بند کر دی جائے گی۔

 

شیئر: